سرکاری ملازمین کی ترقی ، فلاح و بہبود حکومت کی اولین ذمہ داری

ٹی این جی او گریٹر حیدرآباد کا جلسہ عام ، اسپیکر تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ کا خطاب
حیدرآباد۔21مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسر س اسوسیشن گریٹر حیدرآباد کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیرمن رکن قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ نے اسوسیشن کی کارکردگی کو مثالی قراردیا۔ مسٹر سوامی گوڑ نے دلت ملازم کی موت پر مرنے والے کے لواحقین کو تین لاکھ پچاس ہزار روپئے کی امداد فراہم کرنے پر اسوسیشن کے اقدام کو گنگا جمنی تہذیب کی ایک بہترین مثال قراردیا۔ انہو ںنے کہاکہ اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے کے باوجود صدر تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسر س اسوسیشن گریٹر حیدرآباد نے شخصی دلچسپی سے ایک دلت ملازم کے افراد خاندان کو مالی امداد فراہم کرتے ہوئے ریاست کے دیگر اضلاع کی تنظیموں کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ صدر ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد ایس ایم حسینی مجیب کے زیر نگرانی‘ عثمانیہ میڈیکل کالج میںمنعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سوامی گوڑ نے تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو ریاستی حکومت کی ریڑھ کی ہڈی قراردیا اور کہاکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے سرکاری ملازمین کی ترقی اور فلاح بہبود کے لئے کے گئے وعدوں کی تکمیل حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کے معلنہ پراجکٹ مشن کاکتیہ ‘ واٹر گریڈ اور سوچھ حیدرآباد جیسے پروگراموں میں سرکاری ملازمین کے گرانقدر تعاون کو قابلِ ستائش اقدام قراردیا۔ حکومت کے جامع منصوبوں کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری ملازمین کی ایک روزہ تنخواہ بطور تعاون فراہم کرنے کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔ ٹی این جی اوز صدر مسٹر رویندر ریڈی نے ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد کی کارکردگی کو دیگر اسوسیشن کے لئے قابلِ تقلید قراردیا۔ اسوسیشن کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی اسوسیشن کا قیام متعلقہ ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لئے کیاجاتا ہے اور ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد نے اپنے قیام کے تمام مقاصد کو پورا کرنے میںکوئی کسرباقی نہیںرکھی۔ اس موقع پر ٹی این جی اوز کے نو منتخبہ صدر رویندر ریڈی‘ جنرل سکریٹری عبدالحمید کے علاوہ سابق صدر دیوی پرساد کو تہنیت پیش کی گئی۔