حیدرآباد 22 مئی ( سیاست نیوز )ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کے پیش نظر ملازمین کو 24 مئی تک ہی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے ریاستی حکومت کی ڈائرکٹر ریاستی محکمہ ٹریژریز کو دی گئی ہدایت کی روشنی میں تمام اہم ٹریژری دفاتر 22 مئی تا 24 مئی تین یوم تک 24 گھنٹے اپنے فرائض انجام دیں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کیلئے 2 جون اپائینٹیڈ ڈے کے طور پر اعلان کئے جانے کے پیش نظر ریاست کے سرکاری ملازمین کو جاریہ ماہ مئی کی تنخواہیں 24 مئی تک ادا کردینے کیلئے ریاستی محکمہ ٹریژریز کو سخت ہدایات دی گئی ہیں اور 25 مئی سے تمام اکاونٹس کی یکسوئی کو مکمل کرلینے اور 2 جون سے نئے اکاونٹس کو باقاعدہ بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔
علاوہ ازیںسرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ تمام وظیفہ یاب ملازمین (پنشنرس) کو بھی 24 مئی تک وظائف کی رقومات ان کے اکاونٹس میں جمع کروادینے کیلئے بھی حکومت نے باقاعدہ احکامات جاری کئے اور اس طرح ان امور یعنی تنخواہوں ،وظائف و دیگر مالیاتی امور کی مقررہ تاریخ تک انجام دہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں ان امور کی انجام دہی کی تکمیل کے ساتھ ہی متحدہ آندھرا پردیش کے مالیاتی لین دین 27 مئی سے ختم کردیئے جائیں گے ۔ لہذا مقررہ مدت میں ان تمام کاموں کی انجام دہی اور ٹریژری دفاتر میں بلز کے انبار کے باعث تمام ٹریژری دفاتر کو 26 مئی تک 24 گھنٹے کھلے رکھ کر خدمات انجام دینے کی ہدایات دی گئی ہے ۔