حیدرآباد۔19جنوری(سیاست نیوز) ریاستی سرکاری ملازمین کو ہیلت کارڈز کی اجرائی کے ایک حصہ کے طور پر حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی مکمل تفصیلات ( تقرر کی تاریخ سے اب تک کی سرویس تفصیلات پیش کرنے ) متعلقہ ڈرائینگ آفیسرس کے ذریعہ پیش کرنے کی تاریخ کو 27جنوری تک توسیع دی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں حکومت نے باقاعدہ طورپر احکامات جاری کئے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ درحقیقت سرکاری ملازمین کی مکمل سرویس تفصیلات روانہ کرنے کی 5جنوری آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن بعض فنی و ناگزیر وجوہات کی وجہ سے تمام ڈرائینگ آفیسرس اپنے ماتحت سرکاری ملازمین کی مکمل طور پر تفصیلات پیش نہیں کرپائے تھے ۔
اسی ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی صورت میں تمام مابقی سرکاری ملازمین کی مکمل تفصیلات پیش کرنے میں کوئی بھی ڈرائینگ آفیسر لاپرواہی و کوتاہی پیش کرنے میں نہ صرف ان متعلقہ ڈرائینگ آفیسرس کے خلاف کارروائی کی جائے گی بلکہ اس محکمہ کے ملازمین کی ماہ فبروری سے متعلق تنخواہوں کے لئے بلس کی تیاری عمل میں نہ لانے کا سخت انتباہ دیا ۔ لہذا تمام محکمہ جات کے ایسے ڈرائینگ آفیسر جنہوں نے اپنے ماتحت ملازمین کی سرویس سے متعلق تفصیلات ابھی تک ریاستی حکومت کو نہیں پیش کئے ہوں ‘ مقررہ آخری تاریخ 27جنوری سے قبل تمام ریکارڈز کی تفصیلات حکومت کو پیش کرنے کی پُرزور خواہش کی ۔