سرکاری ملازمین و پنشنرس کو24مئی تک تنخواہ کی ادائیگی

چیف سکریٹری کی ہدایت ‘متحدہ ریاست آندھراپردیش کے تحت آخری تنخواہ ہوگی

حیدرآباد۔7اپریل ( سیاست نیوز) ریاستی سرکاری ملازمین و پنشنرس کو ماہ مئی کی تنخواہیں اور وظائف قبل از وقت 24 مئی تک ادا کردینے کی ریاستی چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی نے ریاستی محکمہ فینانس کو ضروری ہدایات دیں اور اس سلسلہ میں باقاعدہ طور پر احکامات بھی جاری کئے ۔ اس طرح 24مئی کو ادا کی جانے والی تنخواہیں اور وظائف متحدہ ریاست آندھراپردیش میں ملازمین و پنشنرس کیلئے آخری تنخواہیں اور وظائف ثابت ہوں گی کیونکہ 2جون کو علحدہ ریاست تلنگانہ کی باقاعدہ طور پر تشکیل عمل میں آئے گی ۔ ہر دو علحدہ ریاستیں ہوجائیں گی اور تب ملازمین کی تقسیم کے بعد علحدہ علحدہ طور پر اپنی اپنی ریاست کی تشکیل پانے والی حکومتوں میں اپنی تنخواہیں اور وظائف حاصل کرسکیں گے ۔ بتایا جاتا ہیکہ یکم جون کی نصف شب سے ہی تلنگانہ ریاست اور آندھراپردیش ریاست کیلئے نئے علحدہ علحدہ مالیاتی اکاؤنٹس کا باقاعدہ طور پر آغاز ہوجائے گا جس کے باعث دونوں ریاستوں کے بجٹ آمدنی و خرچ علحدہ ہوجائیں گے ۔اس تعلق سے محکمہ فینانس کے پرنسپال سکریٹری سمٹر اجئیکلم کی جانب سے جی او ایم ایس نمبر 78 مورخہ 7اپریل 2014ء جاری کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ متحدہ آندھراپردیش ٹریژری کھاتہ 25مئی کو بند کردیا جائے گا ۔ ریاست کی تقسیم کے پیش نظر متحدہ آندھراپردیش میں اس دن یعنی 24مئی تک تمام ادائیگیوں کو مکمل کرلینے کا محکمہ فینانس نے فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط و طریقہ کار پر مبنی تفصیلات محکمہ فینانس کی جانب سے جاری کردیئے گئے ہیں ۔ علاوہ ازیں متحدہ ریاست میں انجام دیئے گئے تمام ترقیاتی کاموں سے متعلق پائے جانے والے تمام بقایاجات بھی 24تک ہی ادا کردینے کی ہدایت دی گئی ہے۔