فیڈریشن آف اے پی ٹیچرس آرگنائزیشن کا حکومت اے پی سے مطالبہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے اساتذہ کی مختلف یونینوں پر مشتمل ’ فیڈریشن آف آندھرا پردیش ٹیچرس آرگنائزیشن ( فیاٹیو ) نے سرکاری ملازمین و اساتذہ وغیرہ کے لیے کانٹری بیوٹری پنشن اسکیم ( سی پی ایس ) کو فی الفور منسوخ کرنے کا حکومت بالخصوص چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے مطالبہ کیا ۔ وجئے واڑہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی صدر نشین فیڈریشن آف آندھرا پردیش ٹیچرس آرگنائزیشن مسٹر پی بابو ریڈی ، جنرل سکریٹری مسٹر جی ہرودیا راجو نے یہ بات کہی ۔ اور اساتذہ و سرکاری ملازمین وغیرہ کے لیے سابقہ پنشن اسکیم کا فوری طور پر احیاء عمل میں لانے کے لیے مثبت اقدامات کرنے کا ریاستی حکومت سے خواہش کی ۔ ان قائدین نے مزید کہا کہ اس مسئلہ کی یکسوئی کے لیے احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دیا گیا ہے ۔ اس لائحہ عمل کی روشنی میں جاریہ ماہ 30 جولائی تا 10 اگست تک ریاست بھر میں تمام اضلاع و منڈل کی سطح پر ’ کووٹ سی پی ایس جاتائیں ‘ منظم کی جائیں گی ۔ اور 11 اگست کو وجئے واڑہ میں بڑے پیمانے پر ریالی منظم کی جائے گی اور بعد ازاں جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ ان قائدین نے بتایا کہ یکم ستمبر کو ریاست کے تمام ضلع کلکٹریٹ دفاتر کا محاصرہ ( گھیراؤ ) کیا جائے گا ۔ فیاٹیو قائدین نے ان احتجاجی پروگراموں کو کامیاب بنانے کے لیے اساتذہ سے کثیر تعداد میں حصہ لینے کی پر زور اپیل کی ۔۔