جموں ۔/25ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت جموں و کشمیر نے ریاستی حکومت کے تمام ملازمین سے استدعا کی ہے کہ وہ اپنی ایک روز کی تنخواہ کی رقم چیف منسٹرس ریلیف فنڈ کو بطور عطیہ دیں۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد سے اظہار یگانگت اور انہیں راحت پہنچانے کیلئے ریاستی حکومت کے تمام ملازمین اگر اپنی ایک روز کی تنخواہ بطور عطیہ دیں تو اس سے متاثرہ افراد کو زبردست راحت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائنگ ڈسبرسنگ آفیسرس ملازمین کے عطایات وصول کرکے انہیں متعلقہ اکاؤنٹ میں جمع کروائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عطیہ دینا ملازمین کی مرضی پر منحصر ہے۔ اگر وہ رضاکارانہ طور پر عطیہ دیں گے تو بہت ہی اچھی بات ہے ورنہ اس کے لئے انہیں مجبور نہیں کیا جائے گا تاہم امید ہے کہ وہ موقع کی نزاکت اور حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اپنی ایک روز کی تنخواہ کی رقم ضرور عطیہ دیں گے۔ اس مقصد کے لئے جموں وکشمیر بینک میں ایک اکاؤنٹ بھی کھولا گیا ہے جس کی تفصیل اس طرح ہے۔: چیف منسٹرس فلڈ ریلیف فنڈ، جے اینڈ کے بینک، برانچ ( موونگ ) سکریٹریٹ، سرینگر، اکاؤنٹ نمبر0110040100001275 ، آئی ایف ایس کوڈ : JAKAOMO VING۔