سرکاری ملازمین بے خوف ہو کر کام کریں : مودی

نئی دہلی ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سرکاری ملازمین خاص کر اعلیٰ عہدیداروں اور بیوریو کریٹس سے کہا کہ وہ بے خوف ہو کر کام کریں ۔ ہفتہ کی شام وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ 7 ریس کورس پر سفید ایمبسیڈر کاروں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں جہاں وزیر اعظم نے تمام اعلیٰ بیوریو کریٹس کے لیے جن میں زائد از 80 سکریٹریز تھے ٹی پارٹی کا اہتمام کیا تھا ۔ حکومت کے ان اہم عہدیداروں کو ذمہ داری تفویض کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت میں فیصلہ سازی کے لیے یہی عہدیدار اہم رول ادا کرتے ہیں لہذا انہیں بے خوف ہو کر کام کرنا چاہئے ۔ انہوںنے تیقن دیا کہ ان کے کام کاج میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں کی جائے گی ۔ وزیر اعظم نے مرکزی بجٹ کے لیے ان سے نئے منصوبے اور نئے نظریات آئیڈیا دینے کی خواہش کی ۔ مجموعی طور پر بہترین حکمرانی کے لیے ان کے مشورے قابل قبول ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ٹیم کی طرح ہیں ہم کو حکمرانی میں ایک نئی شروعات کرنی ہوگی ایک دوسرے سے مل جل کر کام کرنا ہوگا ۔ مودی نے سکریٹریز سے کہا کہ وہ ایک ایسا بجٹ تیار کرنا چاہتے ہیں جو ملک میں ایک خوشگوار اور مثبت فضا قائم کرسکے ۔

ان کی حکومت نے گذشتہ پانچ ماہ کے دوران اچھی شروعات کی ہے اور اب اس کے نتائج سامنے لانے پر توجہ دینی ہے ۔ وزیر اعظم نے بیوریو کریٹس کو دیوالی کی چائے نوش کرنے کے لیے مدعو کیا تھا ان کے لیے دیگر کھانے کی اشیاء بھی پیش کی گئیں جس میں دھوکلا ، پکوڑا ، گلاب جامن بھی شامل تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اچھی سوچ کے ساتھ کام شروع کیا جائے تو اس کے نتائج بھی اچھے نکلتے ہیں ۔ بجٹ کے لیے نئے آئیڈیا اور نئی تجاویز پیش کی جائیں ۔ یہ بجٹ فروری 2015 کو پیش کیا جائے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے سوچھ بھارت ابھیان کا عوام نے مثبت جواب دیا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے اس ٹی پارٹی میں مختلف محکموں کی جانب سے انجام دئیے گئے کاموں کا بھی جائزہ لیا ۔ یہ پارٹی دراصل ایک چھوٹی کابینہ کا اجلاس دکھائی دے رہی تھی ۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کی حوصلہ ازائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ یکم اپریل سے شروع ہونے والے نئے مالیاتی سال کے لیے تحریک کا آغاز کریں اور ایسا بجٹ تیار کریں جو سب کے لیے ترقی و خوشحالی لائے ۔۔