سرکاری ملازمین اور ٹیچرس یونینوں کے ساتھ مذاکرات کے بعد رپورٹ کی تیاری

10 مئی سے قبل چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو رپورٹ کی پیشکشی متوقع
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کابینی سب کمیٹی سرکاری ملازمین اور ٹیچرس تنظیموں کے نمائندوں سے مذاکرات کے بعد رپورٹ تشکیل دینے میں مصروف ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ 10 مئی سے قبل چیف منسٹر کے سی آر کو رپورٹ پیش کردی جائے گی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے سرکاری ملازمین سے مذاکرات کے لیے ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کی قیادت میں ایک سب کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ریاستی وزراء کے ٹی آر اور جگدیش ریڈی کو بحیثیت ارکان کمیٹی میں شامل کیا تھا ۔ کابینی سب کمیٹی نے دو دن تک سرکاری ملازمین سے تبادلہ خیال کیا تھا ۔ سرکاری ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 18 مطالبات اور ٹیچرس تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 27 مطالبات پیش کئے تھے ۔ سب کمیٹی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملازمین کے مسائل ، نظم و نسق کے امور اور فینانس کے علاوہ دوسرے مسائل کو علحدہ علحدہ کرتے ہوئے ایک رپورٹ تیار کریں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ رپورٹ کی تیاری کے بعد کابینی سب کمیٹی 10 مئی سے قبل چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔ اس سے مسائل کی یکسوئی ہونے کا قوی امکان ہے ۔ آندھرا پردیش میں خدمات انجام دینے والے 1200 تلنگانہ کے ملازمین کو واپس طلب کرنے کی تمام کارروائی مکمل ہوگئی ہے ۔ تبادلوں پر بھی حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ تبادلوں کے لیے تین سال کے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے 2 سال کیا جائے تو تبادلوں کے جو بھی مسائل ہیں وہ کچھ حد تک گھٹ جانے کی امید کی جارہی ہے ۔ ایک دوسرے کی رضا مندی ، میاں بیوی کو ایک ہی مقام پر خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کرنے کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ پی آر سی پر عمل آوری کے لیے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے رہنمایانہ خطوط جاری ہونے کا امکان ہے ۔ تلنگانہ میں 1.23 لاکھ ملازمین پنشن اسکیم کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ جن میں 448 ملازمین انتقال کرچکے ہیں ۔ 998 ملازمین ریٹائرڈ ہوچکے ہیں ۔ انتقال کرنے والے ملازمین کو ڈیتھ کم ریٹائرمنٹ بنیفٹ ( ڈی سی آر بی ) پر عمل کیا جائے ۔ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو گریجویٹی ادا کرنے کا بھی ملازمین مطالبہ کررہے ہیں ۔۔