سرکاری ملازمتوں کے لیے اعلامیہ کی عنقریب اجرائی

حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئے ایک سال مکمل ہونے کے پر مسرت موقعہ پر ملازمتوں کے لیے اعلامیوں کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن مسٹر جی چکرا پانی نے انکشاف کیا کہ ایک ہفتہ میں ہزاروں ملازمتوں سے متعلق تقررات عمل میں لانے کے لیے اعلامیوں کی اجرائی عمل میں آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن سے متعلق احکامات دینے کے لیے حکومت کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے اور حکومت سے بہت جلد منظوری کے حصول کی قوی توقع ہے ۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے کہا کہ اندرون تین یوم بیوریجس ادارہ میں 350 ملازمتوں سے متعلق اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ انتہائی شفاف طریقہ پر عمل کر کے کسی مبینہ بے قاعدگیوں کا موقعہ فراہم نہ کرتے ہوئے پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات منعقد کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں امتحانات میں نئے طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا ۔۔