سرکاری ملازمتوں کے حصول کیلئے مسابقتی امتحانات میں شرکت کا مشورہ

دفتر سیاست میں تمثیلی امتحان، جناب سید شاہ انعام الحق قادری کی مخاطبت

حیدرآباد 2 اگسٹ (سیاست نیوز) سرکاری ملازمتوں کے حصول کیلئے اقلیتی طبقہ کے امیدواروں کو سرکاری مسابقتی امتحانات میں شریک ہونا چاہئے۔ تعلیمی قابلیت کے ساتھ اگر حالیہ اُمور اور معلومات عامہ سے واقفیت کرتے ہوئے ان پر عبور رکھا جائے تو مسابقتی امتحانات میں اچھا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولوی سید شاہ انعام الحق قادری نے یہاں ادارہ سیاست کے پبلک سرویس کمیشن کے مسابقتی تمثیلی امتحانات کے طلباء و طالبات کو مشورہ دیتے ہوئے کیا۔ سرکاری ملازمت کے لئے امیدوار اگر فارم داخل کرے گا

اور امتحان میں شریک ہوگا تب ہی وہ ملازمت پاسکے گا۔ بغیر فارم داخل کئے اور امتحان میں شرکت کئے ہم کس طرح سرکاری ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔ مسٹر ایم اے حمید کیرئیر کونسلر نے اس موقع پر امتحان کے طریقہ کار، تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے نئے نمونے پرچہ اور تلنگانہ تحریک، نئی ریاست تلنگانہ کا جغرافیہ، تاریخ، معیشت پر شامل کئے گئے پرچے کے بارے میں واقف کروایا اور منصوبہ بندی اور تیاری کے ساتھ مسابقتی امتحانات میں شرکت کرتے ہوئے اچھے مظاہرے سے نہ صرف سرکاری بلکہ اعلیٰ عہدے پاسکتے ہیں۔ دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں منعقدہ ماڈل ٹسٹ اسٹاف سلیکشن کمیشن اور تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے امیدواروں کو واقف کروایا گیا۔ مولانا سید شاہ انعام الحق قادری امام و خطیب جامع مسجد افضل گنج نے دعا کی اور آخر میں امتحانی سوالات سے متعلق سوال جواب سیشن میں حالیہ اُمور کے سوالات سے واقف کروایا گیا۔