سرکاری ملازمتوں کیلئے حد عمر میں 10 سال کا اضافہ

حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے ایک خوشخبری دی ہے۔ بتایا گیا کہ سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لئے عمر کی جو حد مقرر ہے، اس حد عمر سے تجاوز کرجانے والے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے مزید دس سال کا استثنیٰ دیا گیا ہے۔ اس طرح سرکاری نوکریوں کے لئے مقررہ حد عمر سے تجاوز کرجانے والے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان مزید دس سال عمر زائد ہونے کے باوجود سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لئے اہل ہوں گے اور یہ رعایت صرف ایک سال کے لئے ہی ہوگی۔ اس سلسلہ میں حکومت بہت جلد احکامات جاری کرے گی۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لئے مقررہ حد عمر تجاوز کرجانے والے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو مزید دس سال کی رعایت دی جانے کے باعث ہزاروں بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔