3 جنوری کو ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی میٹنگ، جی ایچ ایم سی الیکشن کے پیش نظر دونوں اجلاسوں کو اہمیت
حیدرآباد۔/29ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 2جنوری کو طلب کیا گیا ہے جبکہ 3جنوری کو ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کابینہ کا اجلاس سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا جبکہ لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس تلنگانہ بھون میں طلب کیا گیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے انتخابات کے پیش نظر ان دونوں اجلاسوں کو کافی اہمیت حاصل ہے۔ گزشتہ ایک ماہ سے میدک میں مہا چنڈی یاگم کے انعقاد میں مصروفیت کے بعد چیف منسٹر نے آج دن بھر سرکاری کام کاج پر توجہ مرکوز کی اور مختلف محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بجٹ 2016-17 کی تیاری اور دیگر اُمور پر عہدیداروں سے بات چیت کی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں سرکاری اسکیمات پر عمل آوری، فلاحی اسکیمات کیلئے بجٹ کی کمی، مرکز سے امداد کے حصول اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ 3جنوری کو لیجسلیچر پارٹی اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ دو دن میں جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے باقاعدہ سرکاری اعلامیہ جاری کردیا جائے گا اور لیجسلیچر پارٹی اجلاس پارٹی کی حکمت عملی کی تیاری کیلئے طلب کیا گیاہے۔ چیف منسٹر نے شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء اور عوامی نمائندوں کے ذریعہ پارٹی کی انتخابی مہم کا پہلے ہی سے آغاز کردیا ہے۔ مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح کیلئے وزراء شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ بلدی انتخابات میں پارٹی مہم کی ذمہ داری وزیر پنچایت راج و انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو دی گئی ہے۔ چیف منسٹر اس الیکشن میں اپنی حلیف جماعت کے ساتھ اکثریت حاصل کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں پارٹی سروے بھی مثبت رہا ہے۔ اسی دوران موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر 4اور 5جنوری کو ورنگل ضلع کا دورہ کریں گے۔ 4جنوری کو مرکزی وزیر نتن گڈکری کے ساتھ ایٹوروناگرم برج کا افتتاح کریںگے جبکہ 5جنوری کو بھوپال پلی میں کے ٹی پی ایس مرحلہII برقی پراجکٹ کو قوم کے نام معنون کیا جائیگا۔