پاناجی۔ 2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعلیٰ گوا منوہر پاریکر نے آج اپوزیشن قائدین کے اُن الزامات کو یکسر مسترد کردیا جہاں یہ کہا گیا تھا کہ وزیر موصوف نے اپنے بیٹے کی شادی میں ریاستی مشینری کا بیجا استعمال کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انھوں نے کبھی بھی ریاستی مشینری کا بیجا یا غیرقانونی استعمال نہیں کیا اور خصوصی طورپر میرے بیٹے کی شادی میں بھلا ایسا کیوں کروں گا۔ شادی کے رقعہ تقسیم کرانے کیلئے بھی میں نے اپنی ذاتی کاراستعمال کی تھی ۔یاد رہے کہ میڈیا میں گزشتہ کچھ عرصہ سے یہ خبریں گشت کررہی تھیں جہاں اپوزیشن کانگریس نے پاریکر پر یہ الزام لگایا تھا کہ 26 ڈسمبر کو پاریکر نے اپنے بیٹے ابھیجیت کی شادی کے وقت انھوں نے ریاستی مشینری کا بیجا استعمال کیا ۔
پاریکر نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان الزامات کا جواب وہ اُس وقت دیں گے جب اُن کے خلاف سرکاری مشینری کے بیجا استعمال کا ایک بھی ثبوت پیش کیا جائے ۔ اگر کوئی آفیسر اپنی سرکاری گاڑی میں بیٹھ کر شادی میں شرکت کیلئے آتا ہے تو اسے مشینری کا بیجا استعمال کیونکر کہا جاسکتا ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے اعلیٰ سطحی قائدین نریندر مودی ، راج ناتھ سنگھ اور دیگر نے چونکہ شادی میں شرکت کی تھی لہذا پروٹوکول کے مطابق وی وی آئی پیز کے لئے سرکاری مشینری ہی تحفظ فراہم کرتی ہے جس کے وہ مستحق ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 12 جنوری کو بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی جو ریالی یہاں منعقد ہونے والی ہے اس کے لئے سرکاری ملکیت کادمبا ٹرانسپورٹ لمیٹیڈ کی بسوں کو باقاعدہ اُن کی فیس ادا کرتے ہوئے استعمال کیا جائے گا ۔
ان بسوں کی خدمات سے کوئی بھی فیس ادا کرتے ہوئے استفادہ کرسکتا ہے ۔ اگر اپوزیشن بھی ان بس خدمات سے استفادہ کی خواہاں ہے تو وہ بھی چارجس ادا کرے اور استفادہ کرے ، ہم کون ہوتے ہیں روکنے والے ۔