نئی دہلی، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھانے کے لئے آدھار کارڈ کو لازمی بنانے کا آج تقریبا پورے اپوزیشن نے راجیہ سبھا میں جم کر مخالفت کی جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دو مرتبہ کے التوا کے بعد دوپہر دو بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔سماج وادی پارٹی، ترنمول کانگریس، جنتا دل یو، کانگریس اور بہوجن سماج پارٹی کے ارکان نے آدھار کارڈ کو لازمی بنانے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے غریب لوگوں پر مار قرار دیا۔ اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے وقفہ صفر اور وقفہ سوال نہیں ہو سکا۔ وقفہ سوال میں ہنگامے کے دوران خود وزیر اعظم نریندر مودی بھی ایوان میں موجود تھے ۔صبح کے التوا کے بعد بارہ بجے چیئرمین محمد حامد انصاری نے وقفہ سوال شروع کرنا چاہا تو سماج وادی پارٹی کے نریش اگروال نے کہا کہ انہوں نے آدھار کارڈ کے معاملے پر قانون 267 کے تحت بحث کرانے کا نوٹس دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آدھار کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے غریب لوگوں کو کئی سہولتیں اور فوائد سے محروم ہونا پڑ رہا ہے ۔ ترنمول کانگریس کے ڈیریک او برائن نے بھی ان کی بات کی حمایت کی۔ ایس پی، ترنمول کانگریس اور جے ڈی د یو کے ارکان نے نشست گاہ کے قریب آکر نعرے بازی کرنی شروع کر دی۔