حیدراباد ۔ /2 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری مدارس میں انتظامی امور کی انجام دہی سے متعلق مصارف کی پابجائی کے سلسلہ میں ہر سال کی طرح اس سال کیلئے بھی گرانٹس منظور کرکے رقومات کی اجرائی کیلئے ریاستی حکومت نے احکامات جاری کئے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ جاریہ تعلیمی سال کے اختتام کیلئے اب جبکہ صرف دس یوم باقی رہ گئے ہیں اور اسطرح اسکول ہیڈماسٹرس کیلئے ان گرانٹس (رقومات) کا حصول ممکن نہیں ہوپائے گا ۔ کیونکہ اسکولس کو گرمائی تعطیلات شروع ہونے سے قبل مدارس کے ہیڈ ماسٹرس اور اساتذہ کو الیکشن ڈیوٹیوں کی انجام دہی ضروری ہوتی ہے اور تقریباً تمام ہیڈ ماسٹرس اور اساتذہ انتخابی ڈیوٹیوں پر اب تک ہی فائیز ہوچکے ہیں اور مختلف مقامات پر پہونچکر الیکشن ڈیوٹیوں سے متعلق ٹریننگ پروگراموں میں حصہ لے رہے ہیں ۔ اسی دوران الیکشن ڈیوٹیوں پر تعینات اساتذہ بالخصوص خاتون اساتذہ کو ان کے مدارس سے زائد از 20 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ٹریننگ کلاسیس منعقد کرنے کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات کے سلسلہ میں شکایات پائی جاتی ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ سرکاری مدارس کیلئے تعلیمی سال 2018-19 ء سے متعلق گرانٹس جاری کئے گئے اور اس طرح پہلے اور دوسرے اقساط کے تحت اسکولی گرانٹس سے متعلق جملہ (57,15,24000) کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ ان رقومات میں 28,540 اسکولس کیلئے 49.41 کروڑ روپئے (467) ۔ ایم آر سیز کیلئے (3.73) کروڑ روپئے (1817) اسکول کامپلکسوں کیلئے 3.99 کروڑ روپئے فراہم کئے گئے ہیں ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ سرکاری اسکولس کے ایس ایم سیز (اسکول مینجمنٹ کمیٹی) کے کھاتوں میں آج یعنی بروز منگل یہ رقومات جمع ہوجائیں گی ۔