تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کا اعلان ، اقامتی اسکولس میں تقررات کا اعلامیہ نظر انداز
حیدرآباد۔ 2۔ مئی ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے مختلف محکمہ جات میں 1477 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کردیا ہے لیکن اقلیتوں کیلئے قائم ہونے والے 71 اقامتی اسکولس کے اسٹاف کے تقرر کا اعلامیہ ابھی تک جاری نہیں کیا۔ واضح رہے کہ جون سے اقلیتوں کے اقامتی اسکولس باقاعدہ کام کرنا شروع کردیں گے اور اسکولوں کی نگرانی کرنے والی سوسائٹی نے تقریباً 650 جائیدادوں پر تقررات کیلئے پبلک سرویس کمیشن کو مکتوب روانہ کیا۔ تقررات کے عمل کے آغاز اور اس کی تکمیل کیلئے کمیشن کو 40 دن کا وقت چاہئے ۔ ایسے میں جون کے دوسرے ہفتہ تک اقامتی اسکولس کی جائیدادوں پر تقررات ممکن نظر نہیں آرہے ہیں۔ ایسے میں اقلیتی اقامتی اسکولوں میں کنٹراکٹ کی بنیاد پر اساتذہ کی خدمات حاصل کرنی پڑے گی۔ تقررات کے عمل میں تاخیر کے باعث معیاری اساتذہ کا حاصل ہونا دشوار مرحلہ ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ دیگر محکمہ جات کی طرح اقامتی اسکولس کی جائیدادوں پر عاجلانہ تقررات کیلئے پبلک سرویس کمیشن کو ہدایت دی۔ کمیشن نے جن جائیدادوں کیلئے تین اعلامیہ جاری کئے ، ان میں گریڈ II اگریکلچرل اکسٹینشن آفیسرس کی 1000 جائیدادیں ہیں۔ اس کے لئے 4 جون کو امتحان مقرر کیا گیا ہے ۔ ٹرانسپورٹ کانسٹبلس کی 137 جائیدادوں اور پروہبیشن اینڈ اکسائیز کانسٹبلس کی 340 جائیدادوں کیلئے بھی اعلامیہ جاری کیا گیا۔ 4 مئی سے درخواستیں آن لائین داخل کی جاسکتی ہیں۔