سرکاری محکمہ جات سے مستقل و عارضی ملازمین کی تفصیلات کی طلبی

سالانہ بجٹ میں رقومات مختص کرنے کی تیاری، محکمہ فینانس سے احکامات کی اجرائی

حیدرآباد ۔ 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے سرکاری ملازمین کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے محکمہ فینانس کی جانب سے تمام صدور محکمہ جات کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ طور پر احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ان احکامات کے ذریعہ اس بات کی مکمل جانکاری دینے کی ہدایت دی گئی ہیکہ محکمہ میں کتنے ملازمین پائے جاتے ہیں۔ ان میں گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ عہدیداروں کی تعداد کتنی پائی جاتی ہے؟ مستقل ملازمین، کنٹراکٹ ملازمین اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کی تعداد کیا ہے؟ ان ملازمین کی تنخواہیں کتنی ہیں پر مشتمل تفصیلات روانہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ہر سال سالانہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے سلسلہ میں مختص کی جانے والی رقومات کیلئے مذکورہ مکمل تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں تاکہ ریاستی بجٹ میں سرکاری عہدیداروں و ملازمین کی تنخواہوں کیلئے درکار رقومات کا اندازہ لگایا جاسکے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ سال 2019-18ء کے سالانہ ریاستی بجٹ کو ماہ فروری میں پیش کئے جانے کی توقع ہے جس کے پیش نظر ہی مکمل تفصیلات طلب کی جارہی ہیں اور ان تمام تفصیلات کو جلد از جلد روانہ کرنے کی ریاستی محکمہ فینانس نے تمام صدور سرکاری محکمہ جات سے خواہش کی گئی ہے۔