تقررات کیلئے سنجیدگی دکھانے پر زور، پروفیسر کودنڈا رام کا شدید ردعمل
حیدرآباد 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر ایم کودنڈا رام نے تلنگانہ حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے الزام عائد کیاکہ ریاست بھر میں سرکاری محکمہ جات میں پائی جانے والی مخلوعہ جائیدادوں کی تعداد سے متعلق ہر روز حکومت نئی باتیں کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ حکومت مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کے بجائے صرف ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کررہی ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اگر حکومت واقعی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات سے دلچسپی رکھتی ہے تو تقررات کے شیڈول کا اعلان کیوں نہیں جاری کررہی ہے؟ انھوں نے مزید کہاکہ حکومت صرف چند اپنے گتہ داروں کے لئے ہی کام کررہی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 4 ڈسمبر کو ’’ملازمتوں کے لئے جدوجہد‘‘ (ٹکرانے) کے موضوع پر منعقد کئے جانے والے بڑے جلسہ عام کی تیاریوں سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ 4 ڈسمبر کو ایک بجے دوپہر تا چھ بجے شام سرور نگر اسٹیڈیم میں جلسہ عام کا انعقاد عمل میں آئے گا اور اس جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس جلسہ عام کے لئے کانگریس پارٹی، بی جے پی، تلگودیشم پارٹی، سی پی آئی، سی پی آئی (ایم)، سی پی آئی (ایم ایل) نیو ڈیموکریسی کے علاوہ مختلف عوامی تنظیموں کے قائدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔