سرکاری دہشت گردی کے خلاف سیکولر جماعتوں کی خاموشی مفاد پرستانہ

فرضی انکاونٹر کے خلاف 22 نومبر کو چلو پارلیمنٹ کا اعلان ، سید ولی اللہ قادری کا خطاب
حیدرآباد یکم / نومبر ( سیاست نیوز ) سرکاری دہشت گردی کے خلاف سیکولر جماعتوں کی خاموشی اور مفاد پرست سیاستدانوں کی سیاست ملک میں بے گناہ افراد کی ہلاکت کا سبب بن رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار قومی صدر آل انڈیا اسٹوڈنٹ فیڈریشن اے آئی ایس ایف مسٹر سید ولی اللہ قادری نے کیا ۔ انہوں نے بھوپال انکاونٹر پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بیان جاری کیا اور اس انکاونٹر کو فرضی انکاونٹر قرار دیا ۔ بائیں بازو کی مضبوط اس طلبہ تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں فرضی انکاونٹرس اور فرقہ پرست قتل و غارت گیری کے خلاف احتجاج کا آغاز ہوگا اور 22 نومبر کے دن چلو پارلیمنٹ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس چلو پارلیمنٹ کو کامیاب بنانے کی تمام سیکولر جماعتوں سے اپیل کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھوپال میں 8 مشتبہ دہشت گردی کے الزامات کا سامنا کر رہے نوجوانوں کو انکاونٹر کے نام پر ہلاک کردیا گیا ۔ انہوں نے مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مودی حکومت اپنے مخالفتین کو بھوپال انکاونٹر سے یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ ان کے خلاف آواز اٹھانے والوں کا یہی انجام ہو جائے گا ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مالیگاؤں اور گجرات فسادات سمجھوتہ ایکسپریس اور اجمیر شریف بم دھماکوں میں گرفتار افراد کبھی جیل سے فرار ہونے کی کوشش کرتے اور کیا ان دہشت گردوں کو بھی جیل میں کھلی چھوٹ اور فرار ہونے کا موقع دیا جاتا ہے جو انکاونٹر میں ہلاک ہوتے ہیں ۔ سید ولی اللہ قادری نے سخت الفاظ میں مسلم سماج مسلم قیادت اور مسلم مذہبی رہنماؤں کے علاوہ سیکولر طاقتوں کو آواز دی اور کہا کہ اگر آلیر اکاونٹر کے خلاف اپنا صدائے احتجاج بلند کیا جاتا تو شاید آج بھوپال کا دن دیکھنے میں نہیں آتا ۔ قومی صدر اے آئی ایس ایف نے مرکزی حکومت پر سرکاری دہشت گردی کا الزام لگایا اور کہا کہ حکومت اپنے مخالفین کو خوف زدہ کرنے اور مقاصد کی تکمیل کیلئے بے گناہوں کا قتل کروایا ہے اور سماجی ستائش حاصل کرنے کی کوشش میں ہے ۔ انہوں نے بھوپال انکاونٹر کو یکساں سیول کوڈ اور جے این یو مسئلہ سے توجہ ہٹانے کی سازش قرار دیا اور کہا کہ ہر محاذ میں ناکام حکومت جس سے اچھے دن کی توقعات تھی پر اس پریشان حال شہری کو خوف زدہ کیا جارہا ہے جو حکومت کی مخالفت میں اپنی سونچ کا اظہار کر رہا ہے ۔ انہوں نے تمام سیکولر طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ بائیں بازو طاقتوں کا ساتھ دیں اور ملک سے زعفرانی دہشت گردی فرقہ پرستی اور سامراجیت کا خاتمہ کرتے ہوئے خوشحال بھارت کو بحال کیا جائے ۔