سرکاری دواخانوں کو عصری ٹکنالوجی سے آراستہ کرنے کا فیصلہ

آن لائن سرویس پر موثر عمل آوری کے لیے 3 دواخانوں کا انتخاب ، کمپیوٹرائزیشن اولین ترجیح
حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے کارپوریٹ ہاسپٹلس کی طرز پر تلنگانہ میں موجود سرکاری دواخانوں کو بھی عنقریب عصری ٹکنالوجی سے مربوط کرتے ہوئے ’’ آن لائن سرویس ‘‘ کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ’’ آن لائن سرویس ‘‘ پر موثر عمل آوری کے لیے ریاست تلنگانہ کے 3 سرکاری دواخانوں کو منتخب کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے بموجب سرکاری دواخانوں میں مریضوں کے داخل ہونے اور علاج کے بعد واپس ہونے تک کلی مکمل تفصیلات کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کی غرض سے اس کمپیوٹرائزڈ ’’ آن لائن سرویس ‘‘ کے آغاز کے لیے پہلے مرحلہ کے طور پر تلنگانہ ریاست کے 3 سرکاری دواخانوں کو منتخب کیا گیا ہے جس کو سی ڈاک سافٹ ویر ادارہ کی خدمات حاصل رہیں گی جب کہ مالیہ مرکز فراہم کرے گی ۔ گورنمنٹ ہاسپٹلس کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کرنے والی تلنگانہ حکومت نے سب سے پہلے جن 3 ہاسپٹلس کو منتخب کیا ہے ان میں سکندرآباد میں واقع گاندھی ہاسپٹل ، ملک پیٹ ایریا ہاسپٹل اور کنگ کوٹھی ایریا ہاسپٹل شامل ہیں جہاں پر آن لائن سرویس ، کے ذریعہ ہاسپٹل کی تمام خدمات کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا اور مذکورہ سرویس کے ذریعہ ہر روز دواخانہ سے رجوع ہونے والے مریضوں کی تعداد ، علاج کے بعد کتنے مریض واپس ہورہے ہیں ، روزانہ کتنے لیبارٹری ٹسٹ کیے جارہے ہیں ، کن کن ادویات کا اسٹاک موجود ہے ۔ استعمال کیسا ہے ہاسپٹل عملہ کی تعداد کتنی ہے ۔ ڈاکٹروں کی تعداد کتنی ہے کے علاوہ دیگر بنیادی تفصیلات درج کی جائیں گی اور کب کا جب درج کی گئی تفصیلات کا محکمہ صحت کی ( ٹی ایس ایم ایس آئی ڈی سی ) آروگیہ شری ٹرسٹ جائزہ لے گا اور تجربہ کے طور پر آغاز کئے جانے والے مذکورہ 3 دواخانوں سے حاصل ہونے والی تفصیلات میں درپیش مسائل اور شکایتوں کی جانچ کے بعد موثر عمل آوری سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لیے ایک ٹیم کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے اور اس سرویس پر بروقت عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے اندرون 9 ماہ مکمل سطح پر تلنگانہ کے تمام ہاسپٹلس کو کمپیوٹر سے آراستہ کرنے کے منصوبہ کے تحت مرحلہ وار طور پر ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری دواخانوں کو کمپیوٹر سے مربوط کرتے ہوئے اس پر موثر عمل آوری کی جائے گی ۔۔