سرکاری دواخانوں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ

پیٹلہ برج میٹرنٹی ہاسپٹل میںکے سی آر کٹس کی تقسیم کا آغاز، چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں عوام کا معیاری علاج کیا جارہا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں بیڈس سے زیادہ مریض ہاسپٹلس سے رجوع ہورہے ہیں ۔ ماضی میں ہاسپٹلس کے احاطے میں مریضوں کے رشتہ داروں کو قیام کے لیے علحدہ قیام گاہ (دھرم شالہ ) موجود تھے اس طرز پر قیام گاہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے آج پیٹلہ برج گورنمنٹ میٹرنیٹی ہاسپٹل میں کے سی آر کٹس تقسیم کیا اور ویب سائیٹ کا بھی افتتاح کیا ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر دتاتریہ ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، وزیر صحت لکشما ریڈی ، چیف سکریٹری ایس پی سنگھ ، محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری راجیشور تیواری کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں فراہم کی جانے والی طبی امداد کو معیاری بنایا گیا ہے جس سے عوام کا سرکاری دواخانوں پر اعتماد بڑھا ہے ۔ ہاسپٹلس میں جتنے بیڈس ہے اس سے زیادہ مریض ہاسپٹلس کو پہنچ رہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں زچگیوں کی شرح میں اضافہ کرنے حکومت کی جانب سے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہے ۔ پیٹلہ برج ہاسپٹل کے احاطہ میں اہتمام کردہ فوٹو نمائش کا کے سی آر نے معائنہ کیا ۔ ہاسپٹل کے الٹرا ساونڈ شٹر ، ایمرجنسی وارڈ ، جنرل وارڈ وغیرہ کا بھی جائزہ لیا ۔ ہاسپٹل کے عملہ اور مریضوں سے بات چیت کی ۔ ہاسپٹل میں فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام سرکاری ہاسپٹلس میں انسانی بنیاد کو ملحوظ رکھتے ہوئے طبی خدمات فراہم کی جارہی ہے ۔ تمام سرکاری ہاسپٹلس میں سہولتوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔ پیٹلہ برج گورنمنٹ میٹرنیٹی ہاسپٹل میں بستروں کی تعداد 462 ہے تاہم 700 مریض ہاسپٹل سے رجوع ہورہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے بیڈس کی قلت پیدا ہورہی ہے ۔ باوجود اس کے بیڈس کی کمی کا بہانہ کرتے ہوئے ہاسپٹل کو پہنچنے والے مریضوں کو واپس نہیں کردیا جارہا ہے ۔ زیادہ سے زیادہ افراد کو طبی امداد فراہم کرنے پر چیف منسٹر نے ہاسپٹل کے عملے کی ستائش کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پیٹلہ برج ہاسپٹل پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے ۔ لہذا اس ہاسپٹل کے احاطے میں ایک اور بلاک تعمیر کرنے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اسی ہاسپٹل میں ماضی میں مہا لکشمی نامی ڈاکٹر نے عمدہ کام کیا تھا جن سے متاثر ہو کر دولت مند افراد بھی علاج کرانے سرکاری ہاسپٹل پہونچتے تھے وہ اسی دور کا احیاء کرنے کے خواہش مند ہیں ۔ اسی ہاسپٹل میں کارپوریٹ ہاسپٹلس طرز کی طبی خدمات فراہم کرنے ایک اور عمارت تعمیر کرنے کا تیقن دیا ۔ ماضی میں مریضوں کے رشتہ داروں کو ہاسپٹلس کے احاطے میں قیام کرنے دھرم شالہ موجود تھے دوبارہ وہ مریضوں کے رشتہ داروں کیلئے دھرم شالہ قائم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ نرسنگ اسٹاف کو اسٹائیفنڈ اور میس چارجس کے معاملے میں ضروری کارروائی کرنے کا تیقن دیا ۔