سرکاری دواخانوں میں عدم سہولتیں، خانگی دواخانوں کی اجارہ داری کا سبب

پیشہ طب میں دولت کی ہوس افسوسناک، تلنگانہ سی پی آئی قائد چاڈا وینکٹ ریڈی
حیدرآباد۔2اگست(سیاست نیوز) سرکاری دواخانوں میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہی خانگی اسپتالوں کی بڑھتی اجارہ دار ی کی اصل وجہہ بنا ہوا ہے ۔ قدیم پریس کلب بشیر باغ میں ’’خانگی اسپتالوں میں علاج عوام کی زندگیوں کیلئے خطرہ‘‘ کے عنوان پر منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی سکریٹر ی تلنگانہ سی پی آئی مسٹر چاڈا وینکٹ ریڈی نے یہ بات کہی۔ سی پی آئی گریٹر حیدرآباد کے زیراہتمام منعقدہ اس سمینار کی صدرات سٹی سکریٹری ڈاکٹر سدھاکر نے کی جبکہ مسٹر پاپا رائو‘ڈاکٹر امرناتھ کے علاوہ دیگر نے خطاب کے ذریعہ کارپوریٹ دواخانوں کی بڑھتی اجارہ داری پر کنٹرول کے لئے حکومت کے ٹھوس اقدامات کو ضروری قراردیا۔ مسٹر چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ عثمانیہ دواخانے کے علاوہ شہر اور ریاست تلنگانہ کے دیگر سرکاری دواخانوںمیں بنیادی سہولتوں کی کمی کے سبب ریاست کے عوام بالخصوص غریب ا ور متوسط طبقے کے لوگ کارپوریٹ دواخانوں میںعلاج کروانے کے لئے مجبور ہیںجہاں پر ان کی قیمتی زندگی سے زیادہ اہمیت مریض سے وصول کی جانے والی فیس ہے ۔انہوں نے شعبہ طب سے وابستہ لوگوں میںدولت کمانے کی حرص کو افسوسناک قراردیتے ہوئے کہاکہ سب سے معزز اور معتبر پیشہ ڈاکٹر ی ہے مگر ڈاکٹرس ڈائیگنوسٹک سنٹر ز اور ادویات کی کمپنیوں کے کمیشن ایجنٹ کے طورپر خدمات انجام دے رہے ہیں جوکہ صرف چند پیسوں کیلئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر کارپوریٹ ہاسپٹل کے احاطے میںایک میڈیکل ہال موجود ہے جہا ں سے خریدی جانے والی ادوایات پر ڈاکٹرس کو کمیشن ادا کیا جاتا ہے اس کے علاوہ ڈاکٹرس کی جانب سے مخصوص ڈائیگونسٹک سنٹرس پر ہی تشخیص کی مریض سے شفارش کی جاتی ہے اور وہ سنٹر بھی ڈاکٹر کو فی مریض کمیشن ادا کرتا ہے اس طرح کارپوریٹ دواخانوں نے آمدنی کا ایک بڑا نٹ ورک تیار کر رکھاہے۔انہوں نے کہاکہ علاج کے دوران مریضوں سے بھاری رقومات وصول کرنے کی بھی شکایتیں موصول ہورہی ہیں اور کارپوریٹ انتظامیہ پیسے جمع کرانے میں تاخیر پر علاج بند کردینے کی بھی دھمکی دیتا ہے جو غیر انسانی عمل ہے۔ انہوں نے کارپوریٹ دواخانوں کی اجارہ داری کو ختم کرنے اور من مانی پیسے وصول کرنے کے عمل کو ختم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر تحریک چلانے کا اعلان کیا اور کہاکہ عنقریب تلنگانہ سی پی آئی کاوفد وزیر اعلیٰ چندرشیکھر رائو سے ملاقات کرتے ہوئے اس ضمن میںخصوصی توجہہ کے لئے نمائندگی کریگا۔ انہو ں نے کہاکہ غریب اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کے لئے سی پی آئی بڑے پیمانے پر پوری ریاست میں یہ تحریک چلائے گی۔ڈاکٹر سدھاکر نے اپنے صدراتی خطاب میںتلنگانہ کے تمام سرکاری چھوٹے اور بڑے دواخانوں میںبنیادی سہولتوں کی فراہمی اور کارپوریٹ دواخانوں میں غریب اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کو رعایت فراہم کرنے کے لئے کارپوریٹ دواخانوں کو پابند بنانے کا تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا۔