مفت پارکنگ سہولت کا وعدہ وفا نہ ہوسکا ، خانگی کمرشیل کامپلکس میں بھی غیر مجاز پارکنگ
حیدرآباد۔ 28اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں حکومت کی جانب سے مفت پارکنگ کی فراہمی کا اعلان کیا گیا ہے لیکن آج بھی کئی سرکاری دفاتر میں عوام سے پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر میں مفت پارکنگ کو یقینی بنانے کیلئے کیئے جانے والے اقدامات میں خانگی کمرشیل کامپلکس میں پارکنگ فیس کی وصولی کو غیر مجاز قرار دیا جانا ہے۔ خانگی کمرشیل کامپلکس میں وصول کی جانے والی پارکنگ فیس کو غیر مجاز قرار دیتے ہوئے کاروائی کرنے والے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ ان سرکاری دفاتر کے خلاف بھی کاروائی کریں جہاں پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے۔ ترملگیری آر ٹی اے دفتر میں پارکنگ کیلئے فی گاڑی 10روپئے وصول کیئے جا رہے ہیں اسی طرح شہر کے سرکاری دواخانوں میں بھی مریضوں کے رشتہ داروں سے پارکنگ فیس وصول کی جا رہی ہے جبکہ سب سے پہلے غریب عوام کو راحت پہنچانے کے لئے سرکاری دواخانوں میں مفت پارکنگ کی سہولت کو یقینی بنانا چاہیئے تھا۔ سرکاری دواخانوں میں وصول کی جانے والی پارکنگ فیس کے جواز کے متعلق عہدیدار جواب دینے سے قاصر ہیں اور شہر میں مزید مفت پارکنگ سہولت کی فراہمی کیلئے جگہ کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے ریاست تلنگانہ میں سرکاری و خانگی دواخانوں میں پارکنگ فیس وصول نہ کرنے کیلئے مہم کا آغاز کیا تھااس مہم کے آغاز سے قبل جناب امجد اللہ خان خالد نے نے پارکنگ مافیا کی سرگرمیوں کا انکشاف کرتے ہوئے مفت پارکنگ کی سہولت کے آغاز میں اہم رول ادا کیا تھا۔ اب ضرورت اس بات کی ہیکہ فوری طور پر سرکاری دفاتر و دواخانوں میں وصول کی جا رہی پارکنگ فیس کو برخواست کروایا جائے۔