سرکاری تقررات میں محکمہ اقلیتی بہبود ندارد

اسٹاف کی کمی سے اسکیمات پر منفی اثر ، حکومت کو غور کرنے کی ضرورت
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی(سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 15 محکمہ جات میں 15,000 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے ۔ تاہم ان محکمہ جات کی فہرست میں محکمہ اقلیتی بہبود شامل نہیں جس میں دیگر محکمہ جات کے مقابلہ ملازمین کی شدید قلت ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود اور اس کے تحت اداروں میں ملازمین کی تقسیم کے سبب اداروں میں عہدیداروں اور ملازمین کی قلت پیدا ہوگئی جس سے اقلیتی اداروں کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔ سکریٹریٹ کے علاوہ اضلاع میں اقلیتی بہبود کے عہدیداروں اور ملازمین کی کمی نے مختلف اسکیمات پر عمل آوری کی رفتار کو سست کردیا ہے۔ اقلیتی بہبود کے مختلف اداروں میں بھی اسٹاف کی کمی کا سامنا ہے۔ محکمہ نے حکومت سے سفارش کی تھی کہ عہدیداروں اور اسٹاف کی قلت سے نمٹنے کیلئے 280 افراد کا ابتدائی مرحلہ میں تقرر کیا جائے تاکہ محکمہ بہتر طور پر خدمات انجام دے سکے لیکن افسوس کہ حکومت نے پہلے مرحلہ کے تقررات میں محکمہ اقلیتی بہبود کو شامل نہیں کیا۔ حکومت کے اس موقف سے اقلیتی بہبو دکے عہدیداروں میں مایوسی پائی جاتی ہے کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ اسٹاف کی کمی اسکیمات پر عمل آوری میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ پہلے مرحلہ کے 15000 تقررات میں محکمہ اقلیتی بہبود کو شامل کرتی۔ اس محکمہ میں اسٹاف کی کمی کوئی نئی بات نہیں۔ متحدہ آندھراپردیش میں بھی اقلیتی بہبود میں عہدیداروں اور اسٹاف کی کمی تھی اور ریاست کی تقسیم کے بعد صورتحال سنگین ہوگئی۔ سکریٹریٹ میں درکار اسٹاف اور ان کے زمروں کی تفصیلات کے ساتھ حکومت کو رپورٹ پیش کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہنگامی حالات میں کم از کم 100 افراد کے تقرر کے ذریعہ اقلیتی بہبود کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ چیف منسٹر نے پہلے مرحلہ میں جن 15 محکمہ جات میں 15,000 تقررات کو منظوری دی ہے ، ان میں زراعت ، ہارٹیکلچر ، میڈیکل اینڈ ہیلت ، بلدی نظم و نسق ، پنچایت راج ، برقی ، پولیس ، فائر سرویسز، رورل واٹر سپلائی ، ایکسائیز ، کمرشیل ٹیکسس ، اسٹامپ اینڈ ریونیو ، ٹرانسپورٹ اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ پولیس اور فائر سرویسز میں 8,000 تقررات کئے جائیں گے جن میں سب انسپکٹرس اور کانسٹبلس کے عہدے شامل ہیں۔ محکمہ برقی میں 2681 جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ باقی 4300 جائیدادیں دیگر محکمہ جات میں پر کی جائیں گی۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے تقررات کا عمل شروع کردیا ہے ۔ حکومت نے کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ موجودہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق تقررات عمل میں لائے۔ حکومت نے تقررات کیلئے عمر کی حد میں 34 سے اضافہ کرتے ہوئے 44 سال کیا ہے۔