سرکاری تقررات ‘اقلیتوں کو عمر کی حد و نشانات میں رعایت

احکامات کی جلد اجرائی، ہائوزنگ اسکیم و صنعتوں کے قیام میں مراعات ، جناب محمود علی کا اجلاس
حیدرآباد۔ 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) اقلیتوں کو ایس سی اور ایس ٹی طبقات کے مماثل مراعات کی فراہمی کے سلسلہ میں جلد احکامات کی اجرائی عمل میں آئیگی جس کے تحت سرکاری جائیدادوں پر تقررات میں اقلیتی امیدواروں کو عمر اور نشانات کے فیصد میں رعایت حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ صنعتوں کے قیام، پیشہ وارانہ کورسس میں داخلے، زراعت، ہارٹیکلچر اور دیگر شعبوں میں اسی سی ایس ٹی طبقات کے مماثل مراعات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اقلیتوں پر مظالم کی صورت میں ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو اسمبلی سرمائی اجلاس میں اقلیتوں کو ایس سی اور ایس ٹی طبقات کے مماثل تمام فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات میں مساوی حصہ داری کا اعلان کیا تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج عہدیداروں کے ساتھ اعلی سطحی اجلاس میں مسئلہ کا جائزہ لیا اور جلد احکامات کی اجرائی کی ہدایت دی۔ اقلیتی بہبود کے علاوہ ایس سی اور ایس ٹی محکمہ جات کے اعلی عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔ محمد محمود علی نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ چیف منسٹر کے تیقنات پر عمل آوری میں دلچسپی لیں کیوں کہ کے سی آر چاہتے ہیں کہ مقررہ میعاد کے دوران وعدوں پر عمل آوری مکمل ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ایس ٹی طبقات کے مماثل مراعات کی فراہمی کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود سے جلد احکامات جاری کیے جائیں گے اور یہ احکامات چیف سکریٹری کے نام سے ہوں گے۔ تمام محکمہ جات کو ان پر عمل آوری لازمی ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر ماہ ضلع کلکٹرس کی سطح پر اسکیمات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کیے جائیں جس میں ایس سی ایس ٹی اور اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائیگا۔ اجلاس میں ٹی آر ایس ارکان مقننہ عامر شکیل، محمد سیلم، فاروق حسین کے علاوہ حکومت کے مشیر اے کے خان، سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل، سکریٹری قبائیلی بہبود بی ایم ڈی یکا، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین، ڈائرکٹر ایس سی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کروناکر کے علاوہ دیگر نے شرکت کی ۔ اقلیتی بہبود عہدیداروں نے ایس سی ایس ٹی کے مماثل مراعات کے سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر کو نوٹ حوالہ کیا جس میں 16 ایسے امور کی نشاندہی کی گئی جن میں اقلیتوں کو حصہ داری مل سکتی ہے ۔ ایس سی ایس ٹی کے مماثل مراعات کی فراہمی سے اہم فائدہ سرکاری جائیدادوںپر تقررات میں ہوگا۔ پبلک سرویس کمیشن کے تقررات سے متعلق آئندہ نوٹیفکیشن تازہ احکامات کے تابع ہوں گے۔