نئی دہلی۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری شعبہ کے بینک ملازمین نے آج زنجیری ہڑتال کا سلسلہ شروع کردیا ہے تاکہ ارکان عملہ کی اجرتوں میں اضافہ کے مطالبہ پر زور دیا جاسکے۔ آج جنوبی علاقہ کے ملازمین ایک طویل ہڑتال کررہے ہیں۔ بعدازاں 3 ڈسمبر کو شمالی علاقہ اور 4 ڈسمبر کو مشرقی علاقہ کے ملازمین ہڑتال کریں گے۔ 5 ڈسمبر کو مغربی علاقہ کے سرکاری بینکوں کے ملازمین ہڑتال کریں گے۔ یونائٹیڈ فورم آف بینک یونینس کے کنوینر ایم وی مرلی نے کہا کہ مفاہمتی اجلاس کے بعد اسوسی ایشن کسی قطعی نتیجہ پر پہنچنے سے قاصر رہی۔ اس لئے 2 تا 5 ڈسمبر زنجیری ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔بعض بینکوں نے اپنے گاہکوں کو ہڑتال سے انہیں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں پہلے ہی اطلاع دے دی ہے۔ اندرون 30 دن یہ بینک ملازمین دوسری ہڑتال ہے۔ گزشتہ ہڑتال 12 نومبر کو کی گئی تھی۔