سرکاری بیت الخلاء باورچی خانے بنادیئے گئے!

پتھل گاؤں(چھتیس گڑھ)۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے جشپور ضلع میں ’سوچھ بھارت مشن اسکیم‘کے تحت ایک قبائلی کے گھر سرکاری مدد سے بنائے گئے بیت الخلا کو گھر والوں نے باورچی خانہ بنانے کے بعد اس میں کھانا پکانا شروع کردیا ہے ۔ذرائع کے مطابق غریب طبقے کے لوگوں کے گھروں میں حکومت کی مالی مدد سے بنائے گئے ’پکے ٹوائلیٹ‘ کئی خاندان  اب بھی استعمال نہیں کر رہے ہیں۔ پتھل گاؤں تحصیلدار مایانند چندرا نے ہفتہ کو یہاں کئی گرام پنچایتوں میں سرکاری امداد حاصل کرنے والے گھروں کا اچانک دورہ کیا، جس کے دوران یہ بات سامنے آئی۔چندرا نے یو این آئی کو بتایا کہ پتھل گاؤں کے قریب گرام پنچایت جوراڈول کے لچھت رام نے سرکاری مدد سے اپنے گھر میں بنے نئے ٹوائلٹ کی سجاوٹ کرکے اس کا باورچی خانے کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا تھا۔ اس نے بیت الخلاء میں چولہا بنا کر وہاں کھانا پکانا شروع کر دیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گاؤں میں بہت سے لوگوں کے گھروں میں بیت الخلا بن جانے کے بعد بھی انہوں نے کھلی جگہوں پر رفع حاجت کرنے کی بات تسلیم نہ کی، جس پر ریونیو حکام کی ٹیم نے انہیں کھلی جگہوں پر رفع حاجت کے نقصانات اور بیت الخلاء میں رفع حاجت کے فوائد سے آگاہ کیا۔