سرکاری اقامتی اسکولوں میں تقررات کیلئے عنقریب اعلامیہ کی اجرائی

اقلیتی امیدواروں کو مناسب حصہ ملنے کیلئے امتحانات کی تیاری اور کوچنگ کی فراہمی کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ یکم  فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ریاست کے سرکاری اقامتی اسکولس میں تقررات کیلئے بہت جلد اعلامیہ جاری کردے گا۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے تقریباً 10,000 ٹیچنگ اسٹاف کے نئے تقررات میں اقلیتی امیدواروں کی مناسب حصہ داری کو یقینی بنانے کیلئے امتحانات کی تیاری کی کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی اقامتی اسکولس کی تقریباً 10,000 جائیدادوں پر تقررات کا عمل جلد شروع ہوگا اور پبلک سرویس کمیشن نے اس سلسلہ میں نصاب کا تعین کرلیا ہے اور اسے ویب سائیٹ پر عوام کی سہولت کیلئے پیش کردیا گیا۔ ٹیچنگ اسٹاف کے جن زمروں میں تقررات کئے جائیں گے ، ان میں پرنسپل ، جونیئر لکچرر ، پی جی ٹی اور ٹی جی ٹی اساتذہ شامل ہیں۔ اس قدر بڑی تعداد میں پہلی مرتبہ پبلک سرویس کمیشن اساتذہ کے تقررات کر رہا ہے، لہذا محکمہ اقلیتی بہبود نے ان جائیدادوں میں اقلیتی طلبہ کے تقررات کو زائد تعداد میں یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے لئے سی ای ڈی ایم کی جانب سے اقلیتی طلبہ کو کوچنگ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ بتایا جاتاہے کہ پبلک سرویس کمیشن تقررات کے سلسلہ میں پریلمس اور مینس امتحانات کا انعقاد عمل میںلائے گا ۔ اس کے علاوہ پرنسپل کی جائیدادوں کیلئے زبانی انٹرویو بھی شامل رہے گا ۔ قابل اور اہل اقلیتی امیدوار کوچنگ حاصل کرتے ہوئے ان جائیدادوں میں اپنے لئے جگہ بناسکتے ہیں۔ مذکورہ جائیدادوں میں زیادہ تر جائیدادیں جنرل زمرہ کی ہیں، اس کے علاوہ بی سی ای زمرہ کے تحت مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات حاصل رہیں گے۔ ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ماہرین کے ذریعہ طلبہ کو کوچنگ کا اہتمام کیا جائے گا اور پبلک سرویس کمیشن کے اعلامیہ کی اجرائی کے فوری بعد کوچنگ کے پروگرام کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ 10 اضلاع کے ضلع ہیڈکوارٹرس پر کوچنگ کے اہتمام کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہر کے علاوہ اضلاع کے امیدوار بھی حصہ لے سکیں۔ ضرورت پڑنے پر مزید کوچنگ سنٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات کی کوچنگ کے سلسلہ میں میناریٹی اسٹڈی سرکل اور بعض دیگر غیر سرکاری تعلیمی اداروں سے تعاون حاصل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کوچنگ کی فراہمی کے ذریعہ اقلیتی امیدواروں کو امتحانات میں بہتر نشانات کے حصول اور ان کے تقرر کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ اقلیتوں میں قابل نوجوانوں کی کمی نہیں جو ان عہدوں پر تقررات کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں بہتر رہنمائی اور کوچنگ فراہم کی جائے۔ اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے مشاورت کے بعد کوچنگ کے اہتمام کو منظوری دیدی ہے ۔ سی ای ڈی ایم کے ذریعہ اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسز کی کوچنگ کا گزشتہ ماہ آغاز ہوچکا ہے۔ حکومت نے سرکاری اقامتی اسکولس میں پہلے مرحلہ میں تقریباً 10,000 رکنی ٹیچنگ اسٹاف کے تقرر کو منظوری دی ہے ۔ ان میں اقلیتی اقامتی اسکولس کے 118 پرنسپل اور 656 ٹی جی ٹی اساتذہ کا پہلے مرحلہ میں تقرر کیا جائے گا ۔