اضلاع حیدرآباد و رنگاریڈی میں مکانات کی حوالگی میں تاخیر: میئر ماجد حسین
حیدرآباد۔ 24 جون (سیاست نیوز) بینکوں کی جانب سے سرکاری اسکیمات کے لئے بھی قرضہ جات کی عدم اجرائی کے سبب اسکیمات پر موثر عمل آوری ممکن نہیں ہوپارہی ہے۔ اس بات کا انکشاف آج میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جناب ماجد حسین نے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ جے این این یو آر ایم کے تحت تعمیر کئے جانے والے مکانات کی تکمیل اور حوالگی کے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس میں آج میئر نے ضلع کلکٹر حیدرآباد و رنگاریڈی کو مکانات کی عدم حوالگی کیلئے موردالزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ جے این این یو آر ایم کے تحت تعمیر ہونے والے مکانات کی اسکیمات میں ہونے والی تاخیر کے لئے ضلع انتظامیہ ذمہ دار ہے۔ انہوں نے اجلاس کے دوران بتایا کہ جی ایچ ایم سی نے اس پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے کافی پیسہ خرچ کیا ہے۔ جبکہ استفادہ کنندگان سے 240 کروڑ روپئے وصول طلب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینکوں کی جانب سے بھی اس پراجیکٹ کو فنڈ فراہم کرنے سے انکار کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مارچ 2015ء تک اس اسکیم کو بہرصورت مکمل کرلیا جانا چاہئے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو ایسی صورت میں اسکیم کا کوئی مطلب باقی نہیں رہے گا۔ میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے بھاری رقومات بینکوں میں جمع کروائی گئی ہے اور بینکس ان رقومات کے ثمرات حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکیم کی بہتر انداز میں عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے جلد از جلد اقدامات کئے جانے چاہئیں تاکہ ان مکانات کی عاجلانہ طور پر استفادہ کنندگان کو حوالگی عمل میں لائی جاسکے۔