سرکاری اسکیمات پر غور کیلئے مجلس وزراء کا کل اہم اجلاس

نئی دہلی 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی چہارشنبہ کو منعقد شدنی مجلس وزراء کے اجلاس میں اپنی حکومت کی فلیگ شپ اسکیموں پر ہونے والی پیشرفت اور گزشتہ سال کے دوران موجودہ این ڈی اے حکومت کے ایجنڈہ پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤز میں منعقد ہوگا۔ تمام وزراء کو شرکت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سات ماہ کے وقفہ کے بعد مجلس وزراء کا یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے جو متعدد ریاستوں کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو ہونے والی شکست کے پس منظر میں منعقد ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں زرعی شعبہ میں پیدا شدہ بحران و بے چینی اور اس کو دور کرنے کیلئے کسانوں کو ان کی زرعی پیداوار پر 1.5 زائد قیمت خرید ادا کرنے بجٹ میں کئے گئے اعلان اور دیگر مختلف اقدامات پر غور و بحث ہوگی۔ ذرائع نے کہاکہ اجلاس میں پردھان منتری جن اوشدھی یوجنا، آئیوشمان بھارت ، پردھان منتری فصل بیما یوجنا، پردھان منتری اجولا یوجنا، چھوٹے صنعتکاروں کے لئے فنڈس کی فراہمی کی اسکیم، مدرا یوجنا اور دیگر اسکیموں پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔