بائیو میٹرک سسٹم پر عمل آوری پر غور ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کو ہدایت
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری میں بہتری کیلئے حکومت خصوصی دلچسپی لے ررہی ہے اور تجرباتی اساس پر سرکاری مدارس میں ’’بائیومیٹرک‘‘ طریقہ کار پر عمل آوری کے اقدامات کرنے کے لئے عہدیداران محکمہ تعلیمات کوشاں دکھائی دے رہے ہیں۔ ابتداء میں ریاستی سطح پر تمام سرکاری مدارس میں بائیومیٹرک سسٹم پر عمل آوری کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تھا لیکن اب فی الوقت تلنگانہ کے 14 اضلاع میں ’’پائیلٹ پراجیکٹ‘‘ کے طور پر رویہ عمل لانے کا فیصلہ کرنے کی اطلاعات ہیں۔ ریاستی محکمہ تعلیم نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاست کے جن 14 اضلاع کے سرکاری مدارس میں بائیومیٹرک سسٹم کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ مرحلہ واری اساس پر ریاست بھر میں 25,000 گورنمنٹ مدارس میں بھی بائیومیٹرک سسٹم کو روبہ عمل لانے کیلئے سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ بائیو میٹرک سسٹم پر عمل آوری کیلئے گزشتہ دن تمام 14 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کے ساتھ ایک اہم اجلاس طلب کیا گیا اور اس اجلاس میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس نے بائیومیٹرک سسٹم کی عمل آوری کے تعلق سے اصولی طور پر اتفاق کیا اور ماہ جون کے آغاز کے ساتھ ہی باقاعدہ طور پر بائیومیٹرک سسٹم پر عمل آوری کیلئے باقاعدہ طور پر تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کے لئے احکامات جاری کئے جائیں گے اور سرکیولرس اضلاع کو روانہ کرنے کے بعد ضلعی سطح پر اساتذہ کی تعداد، مدارس کی تفصیلات، درکار، بائیو میٹرک مشینس کی تعداد کا تعین کرکے ریاستی سطح کے عہدیداروں کو اپنی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اب تک ہی ریاست کے ماڈل اسکولس میں بائیومیٹرک سسٹم کا کامیاب انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے، لیکن اضلاع کے بعض اسکولس میں بائیومیٹرک سسٹم پر عمل آوری کی گئی اور اس کے اطمینان بخش نتائج حاصل نہیں ہوئے۔