ٹیچرس کا اضافہ تدریجی روکنے کلکٹر جگتیال کا انتباہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت کی طرف سے کارکردگی اطمینان بخش نہ ہونے پر ملازمین کو سالانہ اضافہ تدریجی روک دینے کے انتباہ کے بعد اب جگتیال کے ضلع نظم و نسق نے اساتذہ برادری کو خبردار کیا ہے کہ اگر سرکاری اسکولس میں ایس ایس سی کے نتائج صد فیصد نہ رہے ان کے اضافہ تدریجی کو کم کردیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر ایس شرت نے حال میں تمام سرکاری اسکولس کے ہیڈ ماسٹرس کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی ۔ شروع میں اکثر اساتذہ نے اس دھمکی کو مضحکہ خیز قرار دیا لیکن بعد میں تمام ہیڈ ماسٹرس اور اساتذہ نے حکومت کو تیقن دیا کہ بہتر نتائج کو یقینی بنایا جائے گا ۔ تعلیم میں کمزور طلبہ کے لیے اسپیشل کلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں امتحانات میں کامیابی کے قابل بنایا جائے گا ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے وضاحت کی کہ ٹیچرس کو صرف زبانی انتباہ دیا گیا ہے اور ٹیچرس نے تحریری طور پر اس کی تائید کی ہے ۔۔