سرکاری اسکولس میں مڈڈے میلس اسکیم کو بہتر بنانے کا تیقن

اسکیم میں خامیوں کا اعتراف ، کونسل میں کڈیم سری ہری وزیر تعلیم کا بیان
حیدرآباد۔21مارچ(سیاست نیوز) اسکولو ںمیں طلبہ کو فراہم کئے جانے والے مڈ ڈے میل میں کچھ خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان خامیوں کو دور کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر کڈیم سری ہری نے آج تلنگانہ قانون سازکونسل میں رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر بھوپتی ریڈی کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مڈ ڈے میل اسکیم کو مزید بہتر بنانے کے علاوہ ریاست میں موجود سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو بہتر انداز میں کھانا سربراہ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر کڈیم سری ہری نے بتایا کہ اسکیم میں بدعنوانیوں اور خامیوں کی تحقیقات کرتے ہوئے بدعنوانیوں کے مرتکب افراد و عہدیداروں کے خلاف کاروائی کی گئی ہے اور بعض لوگوں کے خلاف کاروائی زیر دوراں ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم نے بتایا کہ دوپہر کا کھانا سربراہ کرنے والی ایجنسیوں کی نگرانی کی ذمہ داری راست کمشنر ایجوکیشن کو تفویض کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ڈی ای او کے علاوہ ایم ای او کو بھی اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ پکوان کے مقامات کے علاوہ اسکولوں میں جہاں کھانے کی سربراہی عمل میں لائی جاتی ہے ان مقامات کا دورہ کرتے رہیں اور ان دوروں کی تفصیل سے کمشنر ایجوکیشن کو واقف کرواتے رہیں ۔ مسٹر کڈیم سری ہری نے بتایاکہ مڈ ڈے میل اسکیم کو دھاندلیوں سے پاک اور شفاف بنانے کیلئے قومی ادارہ برائے دیہی ترقیات جیسے اداروں سے اسکیم کے اخراجات و اسکیم پر عمل آوری کے لئے آڈٹ کروائی جا رہی ہے۔