رہائشی اسکولس میں داخلوں سے تعداد گھٹ گئی ، اسکولس ذمہ داروں کو جائزہ لینے کی ہدایت
حیدرآباد۔3جولائی(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے سرکاری اسکولوں میں داخلوں کے فیصد میں ریکارڈ کی جانے والی کمی سے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں میں تشویش کی لہر پائی جانے لگی ہے اور وہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ شہری حدود میں موجود سرکاری اسکولوں میں داخلوں کی شرح میں گراوٹ کیوں ریکارڈ کی جا رہی ہے اور کیونکر سرپرست اور اولیائے طلبہ اپنے بچوں کے نام اسکول سے خارج کروا رہے ہیں۔اسکولی اساتذہ جو اسکولوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور داخلوں کے عمل سے جن کا تعلق ہے ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ رہائشی اسکولوں میں داخلوں کے سبب سرکاری اسکولو ںمیں داخلوں کی تعداد میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تمام اسکولوں کے ذمہ دارو ںکو ہدایت دی جائے گی کہ وہ اپنے علاقوں سے رہائشی اسکولوں میں ہونے والے داخلوں کی تفصیلات جمع کرتے ہوئے محکمہ کو پیش کریں تاکہ اس بات کا جائزہ لیا جاسکے کہ سرکاری اسکولو ںمیں ہونے والے داخلوں میں کمی کا کتنا اثر رہائشی اسکولوں کے سبب ہوا ہے۔رہائشی اسکولوں میں ہونے والے داخلوں کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکولوں میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کی اکثریت نے ان اسکولوں میں داخلہ حاصل کیا ہے جبکہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پرائمری سرکاری اسکولوں میں بھی داخلوں کی تعداد میں گراوٹ ریکارٹ کی گئی ہے جبکہ رہائشی اسکولو ںمیں پرائمری کے شعبہ موجود نہیں ہیں۔