اندرا پارک پر کل دھرنا، صدر پی آر ٹی یو پی وینکٹ ریڈی اور دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 7 جون (سیاست نیوز) پروگریسیو ریکگنائزڈ ٹیچرس یونین تلنگانہ اسٹیٹ نے اپنے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے لئے 9 جون بروز منگل اندرا پارک ’’مہا دھرنا‘‘ پروگرام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں ریاست تلنگانہ کے 10 اضلاع سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ یہ بات آج یہاں ریاستی صدر پی آر ٹی یو ٹی ایس مسٹر پی وینکٹ ریڈی، جنرل سکریٹری مسٹر پی نروتم ریڈی سابق ایم ایل سی و اے آئی ٹی او چیرمین مسٹر بی موہن ریڈی پریس کانفرنس میں بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ برسر اقتدار حکومت کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں تعلیمی شعبہ اور اساتذہ کو درپیش مسائل کی یکسوئی میں برتی جانے والی غفلت اور لاپرواہی اور سرد مہری کے خلاف بطور احتجاج آواز بلند کرنا ہے۔ 10 ویں پی آر سی کی عمل آوری کا معاہدہ کرکے 4 ماہ کا عرصہ گذر چکا لیکن حکومت نے نہ ہی اس پر عمل آوری کیلئے کوئی جی او جاری کیا اور نہ ہی اس سلسلہ میں کوئی اقدامات کئے گئے جس کے نتیجہ میں اساتذہ کو کئی مسائل پیش آرہے ہیں اور بتایا کہ تعلیمی شعبہ میں کئی اساتذہ، ایم ای او، ڈپٹی ای او کے علاوہ غیر تدریسی عملہ کی کئی جائیدادیں تقرر طلب ہیں اور مخلوعہ ہیں جس کے نتیجہ میں طلباء معیاری تعلیم کے حصول سے محروم ہیں اور طلباء کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے اور تلنگانہ میں دن بہ دن تعلیمی معیار گھٹتا جارہا ہے۔ انھوں نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیاکہ وہ فوری طور پر اساتذہ کو 10 ویں پی آر سی پر مؤثر عمل آوری کے احکامات جاری کرنے کے علاوہ ڈی ایس سی کے انعقاد کے ذریعہ اساتذہ کے تقررات کے علاوہ تعلیمی شعبہ میں غیر تدریسی عملہ کے تقررات عمل میں لانے کے احکامات جاری کرے۔