سرکاری اساتذہ کی رخصت منظوری کا ہیڈ ماسٹر کو اختیار

حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے سرکاری مدارس کے اساتذہ کی رخصت منظوری کے اختیارات متعلقہ اسکول ہیڈ ماسٹر کو ہی دینے سے حکومت نے اتفاق کرلیا ہے اور اپر پرائمری مدارس کے اساتذہ کو رخصت حاصل کرنا ہو تو ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولس سے رجوع ہونا پڑرہا تھا جس پر ریاست تلنگانہ کے اساتذہ کی مختلف یونینوں پی آر ٹی یو، اسٹیٹ ٹیچرس یونین اور یونائیٹیڈ ٹیچرس فیڈریشن و دیگر نے حکومت سے متعدد مرتبہ نمائندگی کی تھی جس کی روشنی میں اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم نے مذکورہ یونینوں کے قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کرکے تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا اور اس اجلاس میں یونین قائدین کے ساتھ محترمہ رنجیو رکر آچاریہ کی بات چیت کامیاب ہوئی اور حکومت نے پرائمری و اپر پرائمری اسکولس میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو رخصت منظور کرنے کے اختیارات متعلقہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر یا ہیڈ مسٹریس کو ہی حوالہ کرنے سے اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے۔ توقع ہے کہ اس سلسلہ میں احکام جاری کئے جائیں گے۔ اسی دوران مسرس سروتم ریڈی صدر پروگریسیو ریکگنائزڈ ٹیچرس یونین، بھوجنگ راؤ صدر اسٹیٹ ٹیچرس یونین، سی روی جنرل سکریٹری یونائیٹیڈ ٹیچرس فیڈریشن نے رخصت کی منظوری کے اختیارات متعلقہ ہیڈ ماسٹروں کو دینے سے اتفاق کرلئے جانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ سے اظہار تشکر کیا۔