سرکاری اردو میڈیم مدارس میں اکیڈیمک انسٹرکٹرس کے تقرر کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( راست ) : اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن آندھرا پردیش ( سوٹا ) کے قائدین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ راجیو ودیا مشن کے تحت سرکاری مدارس میں اکیڈیمک انسٹرکٹرس کی منظوری کا عمل جاری ہے اور سرکاری اردو میڈیم مدارس میں طلباء کی تعداد کے لحاظ سے اساتذہ کی جائیدادیں منظورہ نہیں ہیں ۔ جس کی وجہ سے اقلیتی طلباء وطالبات کو درس و تدریس میں کافی مشکلات کا سامناہے ۔ سرکاری اردو مدارس میں طلباء و طالبات کی تعداد کی اساس پر اکیڈیمک انسٹرکٹرس کی جائیدادوں کی منظوری و تقررات کی ضرورت ہے ۔ لہذا ارباب مجاز خاص کر وزیر تعلیم ، وزیر اقلیتی بہبود اور ڈائرکٹر راجیو ودیا مشن (R.V.M) (S.S.A) سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ سرکاری اردو مدارس میں طلباء کی تعداد کے لحاظ سے اکیڈیمک انسٹرکٹرس کی منظوری اور تقررات کو روبہ عمل لایا جائے ۔۔