سرکاری اراضیات کے تحفظ کیلئے جی ایچ ایم سی کی مہم

مزید غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی، جلد انہدام کافیصلہ: سومیش کمار
حیدرآباد /27 جون (پی ٹی آئی) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے تمام سرکاری اور مختلف اداروں کے مملوکہ اراضیات کے تحفظ کے لئے خصوصی مہم شروع کی ہے اور ایسی اراضیات پر کئے جانے والے تمام غیر قانونی قبضوں کو برخاست کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کے کمشنر سومیش کمار نے آج کہا کہ تمام ٹرسٹوں اور حکومت کی اراضیات کے تحفظ کے لئے جہاں غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں، مختلف محکمہ جات کے عہدہ داروں پر مشتمل ایک ٹیم دس نکاتی فارمولہ کے ساتھ خصوصی مہم چلا رہی ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ جی ایچ ایم سی کا ارادہ کسی کو پریشان کرنا نہیں ہے، بلکہ اس خصوصی مہم کا بنیادی مقصد سرکاری اراضیات کا تحفظ ہے اور ایک مربوط طریقہ کار کے ذریعہ تمام غیر مجاز تعمیرات کو روکنا ہے۔ گروکل ٹرسٹ کی اراضیات پر جاری خصوصی مہم کا تذکرہ کرتے ہوئے کمشنر سومیش کمار نے کہا کہ نشاندہی کردہ غیر قانونی عمارتیں پہلے ہی منہدم کی جاچکی ہیں اور مزید چند عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جنھیں تمام مروجہ ضابطوں کے ساتھ فی الفور منہدم کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی عوام کو پلاٹس اور اپارٹمنٹس کی خریدی اور عمارتوں کی تعمیر کے بارے میں شعور بیداری مہم چلائے گی، جس کے ذریعہ عوام کو یہ بتایا جائے گا کہ انھیں اس کام کی تکمیل کے لئے کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہئے۔