سرکاری اراضیات کو ہراج کے ذریعہ فروخت کرنے کا منصوبہ

حیدرآباد اور رنگاریڈی میں بالترتیب 363 اور 259 جائیدادوں کی نشاندہی ، 14 ہزار کروڑ روپئے کے حصول کا نشانہ

حیدرآباد ۔ /7 مئی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے سرکاری اراضیات ہراج کے ذریعہ فروخت کی تیاری میں مصروف ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کے محکمہ مال کے علاوہ متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے سرکاری اراضیات کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے اور ابتدائی مرحلے میں حیدرآباد و رنگاریڈی میں موجود سرکاری اراضیات کو ہراج کے ذریعہ فروخت کیا جائے گا ۔ حکومت تلنگانہ نے ریاست بھر میں موجود سرکاری اراضیات کی فروخت کے ذریعہ 14 ہزار کروڑ روپئے حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس منصوبے پر عمل آوری کا بہت جلد آغاز ہوسکتا ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت نے 1743 ایسی سرکاری اراضیات کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا ہے جنہیں فروخت کیا جانا ہے ۔ عوامی ہراج میں فروخت کی جانے والی ان جائیدادوں میں 363 جائیدادیں جن کا رقبہ 417 ایکر ہوتا ہے حیدرآباد میں نشاندہی کی گئی ہے جبکہ رنگاریڈی میں 851 ایکر پر محیط 259 جائیدادوں کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جنہیں عوامی ہراج کے ذریعہ فروخت کرنے کا منصوبہ ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حالیہ دنوں میں محکمہ مال کے اعلیٰ عہدیداروں و ضلع کلکٹرس سے بات چیت کے دوران انہیں اس بات کی ہدایت دی ہے کہ جن اراضیات کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان اراضیات پر سرکاری اراضیات کے بورڈ آویزاں کردیئے جائیں ۔ علاوہ ازیں غیرمتنازعہ سرکاری اراضیات کی مکمل فہرست فوری طور پر تیار کرلی جائے تاکہ ان اراضیات کے ذریعہ بھی ریاست کی معیشت کو مستحکم کیا جاسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میں جن سرکاری اراضیات کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں بیشتر سرکاری اراضیات غیرمتنازعہ ہے اور ان کے ذریعہ حکومت کو 7852 کروڑ روپئے حاصل ہونے کی امید ہے ۔ جبکہ ضلع رنگاریڈی میں نشاندہی کردہ 259 جائیدادوں کی فروخت کے ذریعہ حکومت نے 5105 کروڑ روپئے جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی طرح دیگر اضلاع میں بھی اراضیات کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ کھلے ہراج کے ذریعہ انہیں فروخت کیا جاسکے ۔ حیدرآباد میں موجود 363 جائیدادوں میں کم از کم جائیداد 200 مربع گز کی ہے جبکہ دیگر جائیدادیں اس سے بڑھ کر رقبہ والی ہیں ۔ صرف دو یا تین ایسی جائیدادیں موجود ہیں جن کا رقبہ دو ایکر سے تجاوز کررہا ہے ۔ ضلع رنگاریڈی میں موجود شیرلنگم پلی ، سرور نگر اور راجندر نگر کے علاقوں میں بھی حکومت نے اراضیات کی نشاندہی کرلی ہے جنہیں عوامی ہراج کے ذریعہ فروخت کیا جائے گا ۔ حکومت تلنگانہ نے ریاست بھر میں 12470 ایکر اراضی کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعہ حاصل ہونے والی آمدنی کو عوامی فلاح و بہبود کی اسکیمات پر خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔