مختلف شعبہ حیات کے افراد کو اراضیات دی جائیں ، ما تلنگانہ قائدین کا بیان
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : صدر ما تلنگانہ پارٹی مسٹر کے ویرا ریڈی اور نائب صدر مسٹر ویلیمس نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا کہ وہ نو تشکیل شدہ جدید ریاست تلنگانہ میں واقع سرکاری اراضیات کو فروخت کرنے کے عمل سے فوری دستبرداری اختیار کرتے ہوئے تلنگانہ میں گذر بسر کرنے والے درمیانی ( متوسط ) طبقہ سے تعلق رکھنے والے تلنگانہ حامیوں ، تلنگانہ ملازمین ، تلنگانہ کے تجارت پیشہ اور کسانوں کے خاندانوں کو تلنگانہ میں واقع سرکاری اراضیات فراہم کرے یا تو پھر ہاوزنگ بورڈ کے تحت مکانات تعمیر کر کے فراہم کرے بصورت دیگر ما تلنگانہ پارٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے منظم کئے جائیں گے ۔ مذکورہ قائدین نے آج یہاں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق جو بھی بیانات جاری کررہے ہیں وہ محض شعبدہ بازی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر بجائے ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے اپنی توجہ کو صرف سرکاری اراضیات کو فروخت کرنے پر مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں صرف فلک بوس عمارتوں کی تعمیر اور کمرشیل اداروں کی پشت پناہی کو چیف منسٹر تلنگانہ کی ترقی سے تعبیر کررہے ہیں جو ایک انتہائی معیوب بات ہے ۔ ۔