سرکاری اراضیات کو فروخت کرنے حکومت کی کوششوں کی مذمت

فوری وائیٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ، تلنگانہ سی پی آئی ایم سکریٹری ویرا بھدرم کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی سی پی آئی (ایم) نے ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد و اطراف و اکناف علاقوں میں پائی جانے والی سرکاری اراضیات کو فروخت کرنے حکومت کی کوششوں کی نہ صرف سخت مخالفت کی ہے بلکہ اراضیات کی فروخت پر شدید اعتراض کیا ہے اور سرکاری اراضیات کی فروخت سے متعلق فی الفور وائیٹ پیپر جاری کرنے کا ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے پرزور مطالبہ کیا۔ سکریٹری تلنگانہ ریاستی سی پی آئی (ایم) مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اور بتایا کہ سرکاری اراضیات فروخت کرنے کے بجائے عوامی ضروریات کی تکمیل کیلئے اہمیت دیتے ہوئے فروخت نہیں کی جانی چاہئے۔ مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے اس بات پر زور دیا کہ اراضیات کی فروخت ریاستی مفادات کی تکمیل اور ریاستی مفادات کیلئے فائدہ بخش ہونی چاہئے۔ سکریٹری ریاستی سی پی آئی (ایم) تلنگانہ نے اراضیات کے استعمال اور اراضیات کے حصول کے تعلق سے فوری طور پر کل جماعتی اجلاس طلب کرکے تفصیلی غور و خوض کے بعد کوئی قطعی فیصلہ کرنے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا اور واضح طور پر کہاکہ جانبدارانہ انداز میں غریب کسانوں سے اراضیات کا حصول مناسب بات نہیں ہوگی۔