رکن اسمبلی بی جے پی راجہ سنگھ کے سوال پر ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر مال محمد محمود علی کا جواب
حیدرآباد۔ 28 ۔ مارچ ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر مال محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ بی جے پی رکن راجہ سنگھ کے سوال پر محمود علی نے بتایا کہ گوشہ محل اسمبلی حلقہ میں بعض سرکاری اراضیات پر لینڈ گرابرس نے قبضہ کرلیا ہے ۔ اس علاقہ میں 153 ناجائز قبضے ہیں جس کے تحت 52096 مربع میٹر اراضی پر قبضہ کیا گیا۔ ناجائز قابضین کے خلاف نوٹس جاری کی گئی اور تحصیلدار نے ستمبر 2010 ء میں اقدامات جاری کئے ۔ تقریباً 3000 مربع گز زمین پر ناجائز قبضوں کو برخواست کرتے ہوئے جولائی 2011 ء میں یہ اراضی پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی کے حوالے کی گئی ۔ بعض قابضین نے سٹی سیول کورٹ میں مقدمہ درج کیا ہے اور معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے۔