سرکاری اراضیات پر تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

سائین بورڈس کی علحدگی پر کارروائی کا انتباہ ، کلکٹر حیدرآباد کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سرکاری زمینات کی نشاندہی سے متعلق لگائے گئے بورڈس غائب ہوجائیں یا ان زمینات پر تعمیرات کئے جائیں تو متعلقہ ولیج ریونیو آفیسرس ( وی آر او ) کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اس بات کی ہدایت حیدرآباد کلکٹر ڈاکٹر یوگیتا رانا نے محکمہ مال کے عہدیداران کو دیا ۔ انہوں نے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں انچارج جائنٹ کلکٹر نکھیلا ، آر ڈی او چندرا کلا ، ڈپٹی کلکٹر رادھیکا رمنی اور سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ کورٹ کیس ، لینڈ بینک ، زمینات کے اختصاص اور زمینات کے سروے سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری زمینات کا تحفظ کرنا وی آر اوز کی ذمہ داری ہے ۔ اگر کہیں سرکاری زمینات پر غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں تو 24 گھنٹوں کے اندر متعلقہ تحصیلداروں کو مطلع نہ کرنے کی صورت میں وی آر اوز کے خلاف سخت کارروائی کرنے آر ڈی اوز کو ہدایت دی ۔ کلکٹر نے تحصیلداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری زمینات کی حفاظت کے لیے وی آر اوز کا تقرر کرتے ہوئے متعلقہ فائل دفتر کلکٹر کو روانہ کریں ۔ جائنٹ کلکٹر کو ہدایت دی کہ 59-58 جی اوز کے ذریعہ رد کئے گئے کیسیس ، ین او سیز جاری نہ کئے گئے کیسیس کی متعلقہ تحصیلداروں کی جانب سے تنقیح کے بعد فائلوں کو آگے بڑھانے کے اقدامات کئے جائیں ۔۔