سرکاری ، اوقافی اور دیگر اراضیات کے تحفظ کیلئے ٹاسک فورس کی تشکیل

شہر اور اطراف کی اراضیات کے سروے کا فیصلہ ، لیز پر الاٹ کردہ بعض پٹوں کی منسوخی بھی ممکن
حیدرآباد۔/5ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے انڈومنٹ، اوقاف، بھودان اور سرکاری اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں ٹاسک فورس کی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں آج چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے احکامات جاری کئے۔ ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار شیام کمار سنہا کو ٹاسک فورس کا صدرنشین مقرر کیا گیا۔ شہر اور اس کے اطراف سرکاری ، وقف ، بھودان اور انڈومنٹ اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں یہ ٹاسک فورس حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کے سلسلہ میں حکومت کو تجاویز پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے سرکاری اور وقف اراضیات کے تحفظ کے لئے حکمت عملی طئے کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلہ میں شہر اور اس کے اطراف علاقوں میں موجود اراضیات کا نہ صرف سروے کیا جائے گا بلکہ مختلف اداروں کو الاٹ کی گئی اراضی کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ سابق حکومتوںکی جانب سے اراضی الاٹمنٹ سے متعلق مختلف معاملات کی از سر نو جانچ کی ضرورت ہے۔ کئی معاملات میں حکومت کی جانب سے جو اراضی الاٹ کی گئی اس کا استعمال نہیں کیا گیا۔ تلنگانہ حکومت نے اس طرح کے معاملات کی جانچ کرتے ہوئے قانون کے مطابق مزید کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اراضیات کی تفصیلات اکٹھا کرنے کیلئے ٹاسک فورس کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔ ٹاسک فورس شہر اور اس کے اطراف انڈومنٹ، وقف، بھودان اراضیات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی تفصیلات تیار کرے گی۔ ٹاسک فورس حکومت کو مرحلہ وار انداز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ ساتھ ہی ساتھ حکومت کو اراضیات کے تحفظ کیلئے ایکشن پلان پیش کرے گی۔ ٹاسک فورس کے ذمہ جو کام دیا گیا ہے اس میں تلنگانہ ریاست میں الاٹ کردہ اراضیات اور لیز پر دی گئی اراضیات کی تفصیلات اکٹھا کرنا، ان اراضیات کی ترقی اور موجودہ موقف کے بارے میں رپورٹ پیش کرنا شامل ہے۔ مذکورہ ٹاسک فورس اراضیات کے الاٹمنٹ کے بعد استعمال کے سلسلہ میں کی گئی بے قاعدگیوں اور قواعد کی خلاف ورزی کا بھی جائزہ لے گی۔ حیدرآباد اور رنگاریڈی میں جاگیر اراضیات کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
مسٹر شیام کمار سنہا ریٹائرڈ آئی اے ایس کو دو سال کی مدت کیلئے ٹاسک فورس کا صدرنشین مقرر کیا گیا ہے اور انہیں حکومت کی جانب سے تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ یہ ٹاسک فورس نہ صرف اراضیات کے معائنہ کا اختیار رکھتی ہے بلکہ متعلقہ عہدیداروں سے رپورٹس اور ریکارڈ طلب کرنے کی مجاز ہوگی۔ محکمہ ریونیو ٹاسک فورس کے کام کاج میں سلسلہ میں رابطہ کار کے طور پر تعاون کرے گا۔ توقع کی جارہی ہے کہ ٹاسک فورس کی تشکیل سے حیدرآباد اور اس کے اطراف اوقافی اراضیات کی نہ صرف نشاندہی ہوگی بلکہ ان کے موجودہ موقف کے بارے میں تفصیلات منظر عام پر آئیں گی۔ تلنگانہ حکومت نے اوقافی اور دیگر اراضیات پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی اور ان کے تحفظ کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت اراضیات کو ترقی دیتے ہوئے ان سے حاصل ہونے والی آمدنی اقلیتی بہبود پر خرچ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔