سروے کے بعد حکومت آن لائن ڈاٹابیس کی تیاری میں مصروف

ڈاٹا بیس کی تیاری کے بعد نئے راشن کارڈس کی اجرائی اورنئے اسکمیات کا اعلان متوقع
حیدرآباد 21اگست (سیاست نیوز)تلنگانہ میں جامع گھریلوسروے کا اختتام ہوچکا ہے ۔ سروے میں حاصل کردہ تفصیلات کے بعد اب تلنگانہ حکومت نئی حکمت عملی تیارکرنے میں مصروف ہوگئی ہے۔تلنگانہ حکومت اب نئے راشن کارڈ جاری کرنے اور دیگرنئے اسکیمات شروع کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔حکام کا کہناہے کہ وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ سروے کے ذریعہ حاصل کردہ تفصیلات کا جائزہ لیں گے۔اس لیے حکام جامع گھریلو سروے کی تفصیلات کو آن لائن کرکے ایک ڈاٹا بیس تیار کررہے ہیں۔اس کام کی تکمیل کے بعد ہی تلنگانہ حکومت نئے اسکیمات کا اعلان کرسکتی ہے۔حکومت نے 19اگست کو کیے گئے سروے کے ذریعہ 1لاکھ کروڑخاندانوں سے تفصیلات حاصل کی ہے۔سروے کے ذریعہ بے گھر عوام کی تعداد معلوم کرنے اور ایس سی، ایس ٹی ،بی سی ، اور دیگرطبقات کی موجودہ آبادی کا پتہ لگانے کی بھی کوشش کی ہے ۔ امید ظاہرکی جارہی ہے کہ مستحق پسماندہ مسلم خاندانوں کی نشاندہی کو بھی یقینی بنایاگیاہے۔ تلنگانہ حکومت ریاست میں سروے کی بنیادپرمسلمانوں کو ریزوریشن فراہم کرنے راہ ہموارکرنے پر غور کررہی ہے۔ حکومت درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور پسماندہ طبقات کی موجودہ آبادی کا جائزہ لینے کے بعد پسماندہ طبقات کے مختلف زمروں میں مستحق دلت اور مسلمانوں کے طبقات کو شامل کرنے کی تجویز رکھتی ہے تاکہ پسماندہ اور غریب عوام کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ حکومت نے جلدہی نئے راشن کاڈرس جاری کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ تلنگانہ حکومت ستمبریا اکتوبرکے مہینے میں نئے راشن کارڈ جاری کرسکتی ہے۔کے سی آر حکومت تلنگانہ میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے لیے پہلے ہی نوٹیفیکیشن جاری کرچکی ہے۔محکمہ سیول سپلائی کے حکام کا کہناہے کہ وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی سنگاپور سے واپسی کے بعدنئے راشن کارڈس کی اجرائی کے متعلق فیصلہ کیاجاسکتاہے۔محکمہ سیول سپلائزکے کمشنر سی پارتھاسارتھی کاکہناہے کہ محکمہ مال کی جانب سے راشن کارڈس کے ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کیاجارہاہے۔محکمہ ریونیو نے محکمہ سیول سپلائز کو یقین دلایاہے کہ جلدہی ریکارڈ کے معائنہ کا کام مکمل کرلیاجائیگا ۔ محکمہ سیول سپلائزکاکہناہے کہ ریکارڈس کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد ہی نئے راشن کارڈجاری کیے جاسکتے ہیں۔تلنگانہ حکومت نے ریاست کے 10اضلاع میں پہلے جاری کردہ 1لاکھ 15ہزاربوگس راشن کارڈس کو منسوخ کردیاہے۔حکام کا کہناہے کہ مزید بوگس راشن کارڈ کی نشاندہی کی جائیگی۔جسکے بعد 10لاکھ خاندانوں کو دوبارہ راشن کارڈ جاری کرنے پرغورکیا جارہا ہے ۔اس محکمہ کے مطابق وزیراعلیٰ نے بوگس راشن کارڈس محکمہ کے حوالے نہ کرنے پرکارروائی کرنے کا حکم دیاہے۔ وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کا کہناہے کہ ماضی کی حکومتوں نے بڑی تعداد میں سفید راشن کارڈس جاری کیے ہیں۔اس لیے پہلے بوگس راشن کارڈس کو منسوخ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔