سروے کی ایک دن میں تکمیل کی عہدیداروں کو ہدایت

تفصیلات کے غلط اندراج پر سخت کارروائی کا انتباہ‘ جائزہ اجلاس سے چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد 18 اگست ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کل منعقد ہونے والے جامع سماجی گھر گھر سروے کی کامیابی کے سلسلہ میں حکومت سے تعاون کریں ۔ چیف منسٹر نے عوام کیلئے اپیل جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس جامع سروے کا مقصد عوامی بھلائی سے متعلق اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ سروے کیلئے تعینات عہدیداروں کو حقیقی تفصیلات فراہم کریں تا کہ حکومت انہیں مختلف اسکیمات کے فوائد پہنچانے کے اقدامات کرسکے ۔چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 19 اگست کو اپنے مکانات میں موجود رہتے ہوئے عہدیداروں سے تعاون کریں اور مکمل تفصیلات فراہم کریں تا کہ حکومت کو فلاحی اسکیمات کی تیاری میں مدد مل سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ عوام کیلئے مختلف فلاحی اسکیمات کے آغاز کے سلسلہ میں اس سروے کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ کس خاندان کو اور کس شخص کو کیا ضرورت ہے اس سروے سے واضح ہوجائے گا جس کے مطابق حکومت اسکیمات تیار کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس سروے کے بارے میں عوام کو الجھن کا شکار ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بعض گوشوں سے سروے کے بارے میں عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کی پابند ہے اور اس جامع سروے کی بنیاد پر حکومت آئندہ اسکیمات کو قطعیت دے گی۔ اسی دوران چیف منسٹر نے کل منعقد ہونے والے سروے کے انتظامات کا اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سروے کے ایک دن میں تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں اور ملازمین کو پابند کیا جائے کہ وہ اندراج میں غلط اطلاعات درج کرنے سے گریز کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایات دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں سروے کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور اس کام کی مسلسل نگرانی کریں۔ حکومت نے سروے کی تکمیل کے سلسلہ میں 10 اضلاع کیلئے آئی اے ایس عہدیداروں کو انچارج مقرر کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے عوامی نمائندوں سے بھی خواہش کی کہ وہ سروے کی کامیابی کے سلسلہ میں عوام میں شعور بیدار کریں۔ چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ گذشتہ دو دنوں کے دوران سروے میں شامل عہدیدار گھر گھر پہنچ کر سروے سے متعلق فارمس اور دیگر تفصیلات فراہم کرچکے ہیں ۔ چیف منسٹر نے آر ٹی سی کو ہدایت دی کہ وہ صرف سرکاری ملازمین کی منتقلی کیلئے بسیس چلائیں ۔ اور سروے میںشامل ملازمین کو ان کے مقامات پر بروقت پہنچانے کی کوشش کریں۔