بیلاری 19 اپریل ( پی ٹی آئی ) سروے آف انڈیا کی ایک ٹیم نے آندھرا پردیش اور کرناٹک کے عہدیداروں کی مدد سے بیلاری ضلع میں دونوں ریاستوں کی سرحد پر سروے کا کام شروع کیا ۔ یہ سروے فولادی کچدھات کی غیر قانونی کانکنی کی اطلاعات کے پس منظر میں کیا جا رہا ہے ۔ سروے آف انڈیا ٹیم سورنا سبا راؤ کی قیادت میں دونوں ریاستوں کے مائنس اینڈ جیالوجی کے عہدیداروں کی مدد سے بیلاری ضلع میں یہ سروے شروع کیا ہے اور وہاں دونوں ریاستوں کے مابین سرحدای نشان کے پتھر نصب کرینگے ۔ اوبلاپورم مائننگ کمپنی نے آندھرا پردیش سے ملنے والی سرحد پر کچھ علاقہ کو اپنا حصہ ظاہر کرتے ہوئے وہاں غیر قانونی کانکنی کی ہے ۔ اس کمپنی سے ہی کرناٹک کے سابق وزیر گالی جناردھن ریڈی وابستہ ہیں۔ سپریم کورٹ نے دونوں ریاستوں کے مابین سرحد کے مقدمہ میں کرناٹک حکومت سے کہا تھا کہ وہ ان بے قاعدگیوں کو دور کرنے سروے آف انڈیا کی مدد کریں۔ گذشتہ اکٹوبر میں دونوں ریاستوں کے وزرائے مال نے سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق اجلاس میں تفصیلات کا غور و خوض کیا تھا ۔