سروے آف انڈیا سے ریاست تلنگانہ کے نقشہ کی اجرائی

ضلع واری اساس پر تمام تفصیلات درج ، ملک بھر میں نقشہ سے ضروریات کی تکمیل
حیدرآباد ۔ 5 جون ۔ ( سیاست نیوز) سروے آف انڈیا کی جانب سے نو تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کا نقشہ سرکاری طورپر جاری کردیا گیا ہے ۔ 1998ء کی مردم شماری کے مطابق آندھراپردیش کا نقشہ سروے آف انڈیا کی جانب سے جاری کیا گیا تھا اب 2011 ء کی مردم شماری و دیگر تفصیلات کے اعتبار سے سروے آف انڈیا نے آندھراپردیش تشکیل جدید ایکٹ 2014 ء کے مطابق ریاست تلنگانہ کا نقشہ جاری کردیا ہے ۔ تلنگانہ کے نقشہ میں دی گئی تفصیلات میں ضلع واری اساس پر آبادی ، ثقافتی ورثہ ، ہائی وے ، سیاحتی مقامات کے علاوہ دیگر تفصیلات فراہم کی گئی ہیں ۔علاوہ ازیں نقشہ میں ریاست کے جنگلاتی علاقہ کے علاوہ دیگر تفصیلات موجود ہیں حیدرآباد و دیگر اضلاع کے تعلق سے نقشہ میں اقل ترین و اعظم ترین درجہ حرارت کی تفصیل بھی دی گئی ہے ۔ حیدرآباد کے لئے روٹ میاپ بالخصوص ہوائی سفر کی تفصیلات اور ٹرین کی سہولت کے متعلق تفصیلات موجود ہیں۔ سروے آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ ریاست تلنگانہ کے نقشہ میں کھمم کی سرحدیں 2014 ء ایکٹ برائے تنظیم جدید آندھراپردیش کے مطابق رکھی گئی ہیں ، علاوہ ازیں سرحدوں کے اطراف موجود ریاستوں سے جوڑنے والی ہائی ویز کی تفصیل بھی فراہم کی گئی ہے ۔ سروے آف انڈیا کے نقشہ کی اجرائی کے بعد اب یہ نقشہ ملک بھر میں تمام تفصیلات کے ساتھ طلبہ و سیاحوں کے علاوہ دیگر ضروریات کے استعمال کیلئے دستیاب رہے گا ۔ سروے آف انڈیا ریاستوں کے نقشے اور ملک کے اندر موجود سرحدوں کی نشاندہی و دیگر اُمور کی انجام دہی کا ذمہ دار ادارہ ہے ۔ تلنگانہ کے نقشہ میں ریاست میں موجود قدرتی وسائل کی تفصیلات کا بھی احاطہ کیا گیا ہے ۔