سرویس ٹیکس میں 16 تا 18 فیصد کے اضافہ کا اندیشہ

نئی دہلی ۔ /29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گوڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس (جی ایس ٹی) کے نفاذ کے ایک پیش خیمہ کے طور پر وزیر فینانس ارون جیٹلی چہارشنبہ کو پیش کئے جانے والے مرکزی بجٹ میں سرویس ٹیکس کی موجودہ شرح 15 فیصد کو 16 تا 18 فیصد تک بڑھاسکتے ہیں ۔ ان کے اس اقدام سے ہوائی سفر ، باہر ہوٹلوں میں طعام ، فون بلس اور دیگر کئی خدمات مہنگی ہوجائیں گی ۔ جی ایس ٹی جس میں اکسائز ڈیوٹی ، سرویس ٹیکس اور ویاٹ جیسے مرکزی و ریاستی ٹیکسیس شامل ہیں یکم جولائی سے نافذ ہوگا ۔

جی ایس ٹی کونسل کے فیصلوں کیخلاف
70,000 ٹیکس افسران کا آج سیاہ پٹی احتجاج
نئی دہلی ۔ /29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر کے تقریباً 70,000 ٹیکس افسران پیر کو یوم شہیداں کے موقع پر ڈیوٹی کے دوران سیاہ پٹی لگاکر عام کریں گے جس کا مقصد وزیر فینانس ارون جیٹلی کی قیادت میں جی ایس ٹی کونسل کی طرف سے کئے گئے چند حالیہ فیصلوں کے خلاف احتجاج کرنا ہے ۔ ٹیکس افسران کی نمائندگی کرنے والی تنظیموں نے کہا ہے کہ کونسل کے کئی فیصلوں کا ریاستوں کی طرف غیر معمولی جھکاؤ ہے جو محصول اندازی اور ٹیکس کی وصولی کے معاملہ میں مرکز کی خود مختارانہ کارکردگی کے لئے بہتر نہیں ہے ۔ ان تنظیموں نے گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس ( جی ایس ٹی) پر کامیاب اور بہ آسانی پر سکون انداز میں عمل آوری کئے گئے ۔ اپنی تائید کی پیشکش کے ساتھ مطالبہ کیا کہ یہ سب کچھ معقول اور شفاف انداز میں کیا جانا چاہئیے ۔