حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سرور نگر میں واقع درگاہ حضرت قادری قبلہؒ کی دیوار کے انہدام کے سلسلہ میں صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کو طلب کیا تھا ۔ ایک سال قبل ٹریفک حادثہ کے سبب دیوار منہدم ہوچکی تھی جسے دوبارہ تعمیر نہیں کیا گیا۔ مقامی افراد نے اس سلسلہ میں کمیشن سے نمائندگی کی ۔ ڈپٹی کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایل بی نگر ، وجئے بھاسکر ، ایم آر او سرورنگر کی جانب سے جی فنیندر، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر شریمتی رتنا کلیانی ، اگزیکیٹیو انجنیئر اریگیشن خورشید اور درخواست گزار عثمان قادری نے اجلاس میں شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر وجئے بھاسکر نے تعمیری کام عنقریب شروع کرنے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اگزیکیٹیو انجنیئر خورشید کو ذمہ داری دی گئی ہے اور اندرون ایک ماہ یہ کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ صدرنشین کمیشن محمد قمرالدین نے فریقین کی سماعت کے بعد فیصلہ مرکوز کردیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کام کی تکمیل کی کمیشن کو اطلاع دیں۔